نئی دہلی 26 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ان قیاس آرائیوں کے دوران کہ راہول گاندھی کو پارٹی قیادت سونپی جاسکتی ہے کل ہند کانگریس کمیٹی نے تنظیمی انتخابات کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کانگریس کے آئندہ صدر کا 30 ستمبر تک انتخاب عمل میں آئیگا۔نئے شیڈول کی خوصیت یہ ہے کہ پارٹی کے انتخابات دو مراحل میں ہونگے ۔ پہلے مرحلہ میں 18 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا جائیگا جبکہ دوسرے مرحلہ میں بھی اتنی ہی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تنظیمی انتخابات ہونگے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 18 ریاستوں بشمول ہریانہ ‘ گجرات ‘ چھتیس گڑھ ‘ ہماچل پردیش ‘ کیرالا اور کچھ شمال مشرقی ریاستوں میں پہلے مرحلہ میں 31 جولائی تک انتخابات کا عمل مکمل ہوجائیگا ۔ دوسرے مرحلہ میں اتر پردیش ‘ بہار ‘ آسام ‘ آندھرا پردیش ‘ جھارکھنڈ ‘ پنجاب ‘ راجستھان ‘ مہاراشٹرا ‘ مدھیہ پردیش ‘ کرناٹک ‘ ٹاملناڈو ‘ مغربی بنگال اور تلنگانہ کا احاطہ کیا جائیگا ۔ کانگریس کے نئے صدر کا انتخاب 30 ستمبر تک کرلیا جایگا ۔ موجودہ صدر سونیا گاندھی نے کانگریس کی سب سے طویل عرصہ تک صدر رہنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے 14 مارچ کو کانگریس کی صدارت پر 17 سال مکمل کرلئے ہیں جو ایک کارنامہ ہے ۔ انہوں نے 1998 میں پارٹی کی قیادت ایسے وقت میں سنبھالی تھی جب آنجہانی سیتا رام کیسری کی قیادت میں پارٹی ٹوٹنے کے قریب پہونچ گئی تھی ۔
اس وقت بی جے پی سے ہی کانگریس کو زبردست چیلنج کا سامنا تھا ۔ کانگریس کے تنظیمی انتخابات ایسے وقت میں منعقد کئے جا رہے ہیں جب کانگریس کو گذشتہ سال ہوئے لوک سبھا انتخابات میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ وہ ایک دہے سے اقتدار پر تھی ۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو صرف 44 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ تنظیمی انتخابات ایسے وقت بھی منعقد کئے جا رہے ہیں جبکہ یہ قیاس شروع ہوگیا ہے کہ جلد یا بدیر نائب صدر راہول گاندھی کو پارٹی کی صدارت سونپی جاسکتی ہے ۔ جنوری 2013 میں جئے پور میں منعقدہ چنتن شیور میں راہول گاندھی کو پارٹی نائب صدر بنایا گیا تھا ۔ کانگریس کی مرکزی الیکشن اتھاریٹی نے تنظیمی انتخابات کے شیڈول کو قطعیت دی ہے جو سینئر لیڈر ایم رامچندرن کی قیادت میں قائم کی گئی تھی ۔ اس شیڈول کو پارٹی جنرل سکریٹری جناردھن دویدی نے جاری کیا ہے ۔ نئے شیڈول کے تحت رکنیت سازی مہم کو 31 مارچ سے 15 مئی تک توسیع دی گئی ہے ۔ جس کے بعد ضلعی کانگریس کمیٹیاں ابتدائی ارکان کی فہرست 25 مئی تک شائع کرینگی ۔
جن ریاستوں میں پہلے مرحلہ میں انتخابات ہونے والے ہیں وہاں ابتدائی ارکان کی فہرست کی اشاعت ہی قطعی فہرست ہوگی ۔ اس کے بعد ضلعی کمیٹیاں 5 جولائی تک اہل امیدواروں کا انتخاب کرینگی ۔ صدر اور ایگزیکیٹیو کمیٹیوں کے انتخابات کو ضلع کی سطح پر 10 تا 15 جولائی کے درمیان مکمل کرلیا جائیگا ۔ دوسرے مرحلہ میں بلاک کانگریس کمیٹیوں کے صدر ‘ نائب صدر ‘ خازن اور دوسرے ارکان کے انتخاب کا عمل 16 تا 20 جولائی مکمل کیا جائیگا ۔