کانگریس کے سینئیر لیڈر جی وجئے کمار مستعفی

ظہیرآباد /9 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس کے سینئیر لیڈر و سابق صدر منڈل پرجا پریشد ظہیرآباد جی وجئے کمار نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ میں پریس کانفریس کو مخاطب کرتیہ وئے انکشاف کیا کہ انہوں نے سابق ریاستی وزیر محمد فریدالدین کو آنے والے لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد سے پارٹی امیدوار نہ بنائے جانے کے خلاف بطور احتجاج پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے استعفی کا مکتوب صدر ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی میدک کو روانہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی سے 1978 سے وابستہ ہیں اور اس دوران پارٹی کے مختلف عہدوں پر فائز رہے حتی کہ 2006 میں صدر منڈل پرجا پریشد ظہیرآباد ی حیثیت سے ان کا انتخاب عمل میں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد فریدالدین کانگریس کے ایک سینئیر رہنما ہیں جنہوں نے سرپنچ کی حیثیت سے منتخب ہوکر اپنی سیاسی زندگی کے سفر کا آغاز کیا ۔ جس کا سلسلہ ریاستی کابینہ میں شمولیت تک جاری رہا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد فریدالدین عوام پر ا ثر و رسوخ رکھنے والے ایک مقبول عام قائد ہیں ۔ جنہیں کوئی بھی طاقت سیاسی طور پر یکا و تنہا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کانگریس کا مضبوط قلعہ کہلائے جانے والے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں دراڑ ڈالنے کا مقامی رکن اسمبلی پر الزام عائد کیا اور کہا کہ اس کے اثرات بلدیہ ظہیرآباد کے علاوہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کیلئے منعقدہ انتخابات کے نتائج منظر عام پر آتے ہی ظاہر ہوجائیں گے ۔ انہوں نے دو ٹوک کہا کہ حلقہ لوک سبھا ظہیرآباد سے فریدالدین کو پارٹی ٹکٹ دینے کا یقین دلاتے ہوئے عین وقت پر انہیں پارٹی ٹکٹ سے محروم کرنا ، ہائی کمان کا غیر منصفانہ عمل ہے جس کا خمیازہ انتخابات میں اٹھانا پڑے گا ۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اشارہ دیا ۔