سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا کا بیان ۔ کرناٹک کے 28 کے منجملہ 10 حلقوں پر دعوی
بنگلورو 11 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل ایس کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج کہا کہ حلیف جماعت کانگریس کے ساتھ کرناٹک میں نشستوں کی تقسیم کو امکان ہے کہ 13 یا 14 مارچ تک قطعیت دیدی جائیگی ۔ حلیف جماعتوں میں یہ الجھن پائی جاتی ہے کہ کونسی جماعت کس نشست سے مقابلہ کریگی ۔ اس الجھن کے دوران سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ابھی تک وہ اس تعلق سے قطعی فیصلے پر نہیں پہونچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شائد بیشتر کانگریس قائدین دہلی گئے ہوں۔ ان قائدین کے ساتھ کل شائد نشستوں کی تقسیم پر بات چیت ہوگی اس کے بعد یہ مسئلہ ان ( دیوے گوڑا ) سے رجوع ہوگا ۔ اس بات چیت میں کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ یہاںاخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک یا دو دن میں 13 یا 14 مارچ تک نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر ہم قطعی مرحلہ میں پہونچ جائیں گے ۔ دیوے گوڑا اور راہول گاندھی کے مابین نشستوں کی تقسیم پر گذشتہ دنوںدہلی میں بات چیت ہوئی تھی جو غیر مختتم رہی تھی ۔ تاہم دیوے گوڑا نے اپنی جماعت کیلئے نشستوں کے مسئلہ پر قدرے نرم موقف اختیار کرتے ہوئے کانگریس سے کہا ہے کہ ریاست میں لوک سبھا کی 28 کے منجملہ 10 نشستیں اسے الاٹ کی جائیں ۔ جنتادل ایس کا پہلے مطالبہ تھا کہ اس کیلئے 12 حلقے چھوڑے جانے چاہئیں۔ ذرائع کے بموجب کانگریس پارٹی جنتادل ایس کو زیادہ سے زیادہ 8 نشستیں دینے تیار ہے تاہم جے ڈی ایس کے ساتھ ابھی وہ کسی قطعی نتیجہ پر نہیں پہونچ سکی ہے ۔ کانگریس کی اسکریننگ کمیٹی کا آج دہلی میں ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس کی صدارت پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کی تھی ۔ اس اجلاس میں نشستوں اور امیدواروں کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔ کرناٹک کانگریس کی الیکشن کمیٹی کا ایک اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا تھا جس میں 28 کے منجملہ 15 لوک سبھا حلقوں سے پارٹی کے امیدواروں کو قطعیت دی گئی ہے ۔ جنتادل ایس کے ہاسن اور مانڈیا سے ارکان پارلیمنٹ ہیں۔ اس کے علاوہ پارٹی نے شموگہ سے بھی سابق رکن اسمبلی مدھو بنگارپا کو امیدوار نامزد کردیا ہے ۔ پارٹی دوسرے حلقوں کے امیدواروں پر ابھی غور کر رہی ہے ۔