کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ راشد علوی کا ہجومی تشدد پر اظہار تشویش

نئی دہلی : کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ راشد علوی نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت ملک بھر میں انسانیت سوز اور ملک کی جمہوریت کو سبوتاج کرنے والے معاملات میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے ۔ایک طرف جہاں معصوم و بے گناہوں کو بھیڑ کے ذریعہ تشدد بنایا جارہا ہے وہیں کچھ متنازعہ لیڈران شرانگیز بیانات دے کر ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کررہے ہیں ۔جس سے ملک کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔

انھوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ گائے کے تحفظ کے نام پر معصوموں و بے گناہوں پر تشدد کے کے سانحات تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں ۔ اورمزید شرمناک بات یہ ہے کہ اب اس میں بچہ چوری کے شک کے علاوہ مذہبی رہنما بھی جنونی ہجوم کاشکار ہورہے ہیں ۔راشد علوی نے مزید کہا کہ ہندوستان جیسے ملک جو اپنی رواداری او رصبر و تحمل کے مظاہرہ کے لئے پوری دنیا میں شہرت رکھتا ہے ۔ایسے میں آئے دن ہجوم کے ہاتھو ں ہلاکتوں کے واقعات نے ہر ذی شعور انسان کے ذہنو ں کو جھنجھوڑ دیا ہے ۔سابق رکن پارلیمنٹ نے اپنی رہائش گا ہ پر صحافیو ں سے بات کررہے تھے ۔ انہوں نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہجومی تشدد کے معاملہ میں مودی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ اس پر مودی جی لب کشائی نہیں کرتے ہیں ۔

ملک میں فرقہ پرستی عروج پر ہے ۔انہوں نے اس موقع پر آر ایس ایس کے بانی اندریش کمار کے اس بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے کہاتھا کہ اگر گائے کا قتل بند ہوجائے تو ہندوستان او رپوری دنیا میں شیطان کے گناہ ختم ہوجائیں گے ۔ ساتھ ہی انہوں نے مسلمانوں سے گائے کا گوشت نہ کھانے کی اپیل کی تھی ۔‘‘ راشدعلوی نے اس بیان کی مذمت کی ہے ۔راجستھا ن کے الور میں رونما ہونے والے ہجومی تشدد کے تازہ واقعہ پر راشد علوی نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گؤ رکشک کے نام پر ہندوستان میں ہجومی تشدد کے سانحات نہ صرف مذمت کے قابل ہیں بلکہ قابل افسوس و تشویشناک ہیں ۔

انہوں نے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے ۔اورکہا کہ اس تشددکے خلاف قانون بنانا چاہئے ۔