کانگریس کے تنظیمی چناؤ کیلئے راہول گاندھی کا زور

نئی دہلی ، 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس توقع ہے اپنے تنظیمی انتخابات کا عمل آئندہ ماہ شروع کرے گی جبکہ اس کے نائب صدر راہول گاندھی نے اس عمل کے انعقاد میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی ہے، جو پارٹی کو حالیہ انتخابات میں سلسلہ وار ناکامیوں کے تناظر میں منعقد کیا جائے گا۔ سینئر پارٹی قائدین کے ساتھ آج ایک میٹنگ میں جو تنظیمی انتخابات سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیلئے منعقد ہوئی، جس کا مقصد پارٹی کو مسابقت کیلئے تیار کرنا ہے، راہول نے سمجھا جاتا ہے کہ کانگریس کی رکنیت سازی مہم میں توسیع کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔ رکنیت سازی مہم جو قبل ازیں گزشتہ سال کی 31 ڈسمبر کو ختم شدنی تھی، اب اس ماہ کے ختم پر اختتام پذیر ہونا ہے۔ آج کی میٹنگ میں پارٹی جنرل سکریٹریز اور سینئر پارٹی عہدے دار شریک ہوئے۔پارٹی جنرل سکریٹری انچارج آرگنائزیشن جناردھن دویویدی اِس میٹنگ میں شرکت نہیں کرسکے کیونکہ وہ موسمی بخار میں مبتلا ہیں جبکہ بعض دیگر جنرل سکریٹریز بھی حاضر نہیں ہوئے۔ سنٹرل الیکشن اتھاریٹی نے سینئر لیڈر ایم رام چندرن کی سربراہی میں بعض تجاویز اور ترامیم پیش کئے تاکہ پارٹی کی تنظیمی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے، جن پر پارٹی کے فاضل فیصلہ ساز ادارہ کانگریس ورکنگ کمیٹی میٹنگ منعقدہ 13 جنوری میں غور کیا گیا تھا۔