کانگریس کے ارکان اسمبلی کی معطلی پر ہائی کورٹ میں سماعت

گورنر کے خطبہ کے دن کوئی حملہ نہیں ہوا ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے وکیل کا ادعا
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ہائی کورٹ میں کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کی سماعت کا آغاز ہوگیا ہے ایڈوکیٹ جنرل کی جانب سے مہلت طلب کرنے پر آئندہ کی کارروائی 19 مارچ تک ملتوی کردی گئی ۔ اسمبلی رکنیت سے محروم ہونے والے کانگریس کے دو قائدین کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ان کے وکیل جندیال روی شنکر نے عدلیہ کو بتایا کہ گورنر کا خطبہ ختم ہونے تک صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ ٹھیک ہی تھے ۔ اس کے بعد ہاسپٹل پہونچ جانے سے حیرت ہوئی ہے ۔ 12 مارچ کو گورنر کا صرف خطبہ ہوا ہے ۔ 13 مارچ سے اسمبلی سیشن کا آغاز ہوا ۔ گورنر کے خطبہ کے دن کوئی حملہ نہیں ہوا ۔ ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم کردینا قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ وکیل نے صرف سیاسی فیصلہ کرتے ہوئے ارکان کی رکنیت ختم کردینے کا ادعا پیش کیا ۔ اس فیصلے پر ہم کو کئی شکوک ہیں ۔ سی سی فوٹیج حوالے کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ گورنر کے خطبہ تک سوامی گوڑ ٹھیک تھے بعد ازاں وہ ہاسپٹل پہونچ گئے ۔ سمپت کمار ویڈیو میں کہیں دیکھائی نہیں دئیے باوجود اس کے ان کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے اس مسئلہ پر عدالت سے پیر تک کی مہلت طلب کی جس سے آئندہ سماعت پیر تک ملتوی ہوگئی ۔ اسمبلی رکنیت کو منسوخ کرنے کے خلاف کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار جمعرات کو ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے ۔ انہوں نے ان کے خلاف جو کارروائی کی گئی ہے ۔ اس کو چیلنج کرتے ہوئے فیصلہ کرنے سے قبل ان سے کوئی وضاحت طلب نہ کرنے کی ہائی کورٹ سے شکایت کی تھی ۔۔