نئی دہلی ۔7ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی اپنی کھوئی طاقت و عظمت کی بحالی کیلئے کوشاں ہے ۔ آسام کے تین مرتبہ چیف منسٹر رہنے والے ترون گوگوئی نے کہا کہ راہول گاندھی کے اختراعی اقدامات اور سونیا گاندھی کے سیاسی شعورپن کے امتزاج سے توقع ہے کہ پارٹی کو اپنی قسمت بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ ترون گوگوئی جنہوں نے 2001ء سے آسام میں اسمبلی انتخابات میں مسلسل تین مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے کا کہنا ہے کہ راہول گاندھی کانگریس کے احیاء کیلئے مسلسل ان پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہیں ۔ راہول گاندھی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گوگوئی نے پارٹی کے نائب صدر کو ایک مضبوط ارادوں والا لیڈر قرار دیا‘ جنہوں نے پارٹی کیلئے طویل مدتی نظریہ کو ذہن میں رکھ کر نئے اختراعی اقدامات کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر آسام نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ مجھے راہول گاندھی پر کامل بھروسہ ہے ‘ میں نے اندراجی راجیوجی اور سونیا جی کے ساتھ کام کیا ہے ۔
راہول گاندھی میں مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنے کی جستجو دیکھی ہے ‘ وہ قدم بہ قدم مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ پوچھے جانے پر کہا کہ آیا راہول گاندھی کو وہ حقیقی وارث تصور کرتے ہیں ‘ انہیں کانگریس کی مکمل ذمہ داری لینی چاہیئے ۔ 78سالہ چیف منسٹر گوگوئی کانگریس کے شمالی مشرقی علاقہ میں اہم لیڈر سمجھے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے راہول پر کڑی نظر رکھی ہے ‘ ہم کو ان کے تجربہ اور شعوری پن کی ضرورت ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی بدترین شکست کے بعد کانگریس کے کئی قائدین نے راہول گاندھی کو قیادت کی مکمل ذمہ داری دینے پر زور دیا تھا ۔