میدک۔/14 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی میں گورنر کے خطبہ کے دوران کانگریس ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش آئے ناخوشگوار واقعہ پر حکومت کی جانب سے دونوں ارکان اسمبلی مسرز کے وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی سے رکنیت سازی ختم کرنے اور ماباقی ارکان اسمبلی کو چار سیشن تک معطل کرنے پر میدک ٹاؤن میں آج کئے جانے والے احتجاجی پروگرام کو پولیس ٹاؤن نے ناکام بنادیا۔ پولیس نے کل شب کانگریس قائدین کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جن میں سابق ایم ایل اے ششی دھر ریڈی، سریندر گوڑ، بٹی جگپتی کے علاوہ دیگر شامل تھے جنہیں بعد ازاں شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ چنانچہ میدک اسمبلی میں کانگریس کا احتجاج ناکام رہا۔ اس کے بالکل برعکس نرسا پور اسمبلی حلقہ کے منڈلوں نرسا پور، کلچرم، شیوم پیٹ، ہتنورا، ویلدرتی میں کانگریس کا احتجاج کامیاب رہا۔ جبکہ کوڑی پلی میں سابق ریاستی وزیر صدر ضلع متحدہ میدک سنیتا لکشما ریڈی کی قیادت میں احتجاج کامیاب رہا۔