ہیرانگر ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر میں مخالف حکمرانی موڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک میں کانگریس کی 60 سالہ حکمرانی کے دوران ہونے والی غلطیوں کو سدھارنے کیلئے 60 ماہ درکار ہے۔ کانگریس نے گذشتہ 60 سال سے اس ملک کو تباہ کردیا ہے۔ لہٰذا آپ مجھے صرف 60 ماہ دیجئے میں آپ کو یہ ہندوستان تمام خرابیوں سے پاک بنادوں گا۔ مجھے اس ملک کا چوکیدار بنایا جائے۔
یہاں کے خزانہ کی حفاظت کرنا میری ذمہ داری ہے۔ اس خزانہ کو برسوں سے لوٹا گیا ہے۔ 60 سال سے حکومت کرنے والوں نے ملک کو بری طرح سے نوچا ہے۔ اب میں چاہتا ہوں کہ آپ صرف 6 ماہ کیلئے ایک غلام کو منتخب کریں پھر دیکھیں کہ میں اس ملک کی کس طرح نگہبانی کرتا ہوں۔ ترقی اور اپنی پالیسی منصوبوں اور نظریہ کو واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے شہزادہ راہول کے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے۔