کانگریس کی ’’پدی کرن‘‘ مکمل ، بی جے پی کا ردعمل

نئی دہلی 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کانگریس قیادت کو نسلی تبدیلی کے عمل کو مخصوص الفاظ ’’پدی اور پیڑھی‘‘ کے ذریعہ غیر اہم بتانے کی کوشش میں کہاکہ یہ تو ’’پدی کرن‘‘ ہورہا ہے جو راہول گاندھی کے پالتو کتے کا حوالہ ہے۔ بی جے پی ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے کہاکہ اپوزیشن پارٹی میں پرانی پیڑھی اور نہ ہی نئی پیڑھی سے کچھ سدھرنے والا ہے۔ اس طرح انھوں نے نسل کے لئے ہندی لفظ استعمال کرتے ہوئے راہول گاندھی کو نائب صدر سے کانگریس کے صدر کے عہدہ پر ترقی دینے کے عمل پر چوٹ کی۔ اُنھوں نے کہاکہ کوئی تنظیم ایسی نہیں ہوگی جس میں کسی ممبر کو بار بار ناکامی پر ترقی دی جائے۔ اُنھوں نے یہ ریمارک گاندھی خاندان کے سپوت راہول کو صدر کانگریس بنانے اور اپنی والدہ سونیا گاندھی کے جانشین بننے کی طرف پیشرفت کے ردعمل میں کیا۔ راہول نے آج اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔ بی جے پی ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ کانگریس کا پدی کرن اب مکمل ہوگیا۔ نہ ہی پرانی نسل اور نہ ہی نئی نسل سے کچھ فرق پڑنے والا ہے۔ اُنھوں نے اِس انتخاب کے سارے عمل کو جمہوری روایات کا مذاق قرار دیا۔