کانگریس کی میڈیا ٹیم میں راہول کا رد و بدل

سینئر وزراء چدمبرم،خورشید، آزاد ، آنند شرما ، تھرور اور سندھیا پارٹی ترجمان مقرر
نئی دہلی ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر وزراء پی چدمبرم، سلمان خورشید، غلام نبی آزاد ، آنند شرما ، ششی تھرور اور جیوتی ادتیہ سندھیا کو آج رات پارٹی ترجمان کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی جیسا کہ راہول گاندھی کا منصوبہ ہے کہ اگلے لوک سبھا چناؤ سے قبل پارٹی کی میڈیا حکمت عملی کو زیادہ تقویت پہنچائی جائے۔ جہاں چار وزراء چدمبرم ، آزاد ، شرما ، خورشید اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مکل واسنک کو سینئر ترجمان نامزد کیا گیا، وہیں تھرور اور سندھیا پارٹی کی جانب سے مقررہ 13 ترجمانوں میں شامل ہیں۔ اے آئی سی سی کی میڈیا ٹیم کو مضبوط کرنے کی ضرورت طویل عرصہ سے محسوس کی جارہی تھی اور راہول کیلئے یہ خاص توجہ کا شعبہ رہا ہے، جو سلسلہ وار میڈیا ورکشاپس کے اہتمام اور کانگریس کیلئے میڈیا میں نئے چہروں کو ابھارنے کیلئے ٹیلنٹ کی تلاش کے معاملہ میں سرگرم رہے ہیں۔

اس مرتبہ ترجمانوں اور ٹیلی ویژن پیانلوں کی فہرست میں شامل متعدد چہرے نائب صدر کانگریس کے قریبی مددگار رہے ہیں اور یوتھ کانگریس یا این ایس یو آئی پس منظر رکھتے ہیں۔ مہیلا کانگریس کی سربراہ شوبھا اوزا اور سابق یو پی سی سی سربراہ ریٹا بہوگنا جوشی کو اے آئی سی سی ترجمانوں کی ٹیم شامل کیا گیا ہے ۔ یہ گزشتہ کئی سال میں پہلی مرتبہ ہے کہ اے آئی سی سی کے پاس بہ یک وقت دو خاتون ترجمان ہیں۔ جینتی نٹراجن کو یو پی اے۔II میں وزیر بنانے کے بعد پارٹی ایم پی رینوکا چودھری نے کانگریس ترجمان کی حیثیت سے ان کی جگہ لی تھی۔ گزشتہ سال انہیں ہٹادیا گیا اور تب سے اے آئی سی سی میں کوئی باقاعدہ خاتون ترجمان نہیں تھی، گوکہ شوبھا ایک یا دو بار رسمی بریفنگ کیلئے میڈیا میں آئیں۔