کانگریس کی صدارت کیلئے راہول گاندھی اولین پسند: سرجے والا

نئی دہلی۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ترجمان اعلی رندیپ سرجے والا نے آج کہا کہ پارٹی صدر کے لیے راہول گاندھی ہی تمام قائدین میں اور کارکنوں کی ’ناقابل سوال‘ پسند ہوں گے۔ کانگریس فی الحال تنظیمی انتخابات کے عمل میں مصروف ہیں جس میں صدر کا انتخاب بھی شامل ہے۔ سرجے والا نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راہول کافی جمہوریت پسند ہیں اور ان کی پارٹی بھی اپنے کسی قائدین ورکر کا خیرمقدم کرنے کے لیے بڑی حد تک تیار ہے جو کسی بھی کسی عہدہ کے لیے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ جس میں پارٹی کے صدر کا عہدہ بھی شامل ہے۔ سرجے والا نے کہا کہ ’’راہول گاندھی اپنی پارٹی کے صدر کے لیے کانگریس کے ہر لیڈر اور ورکر کی پہلی اور ناقابل سوال پسند کی حیثیت سے بدستور برقرار ہیں۔ سرجے والا نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ ریمارک کیا جس میں پوچھا گیا تھا کہ ان کی پارٹی آیا ایک ایسی صورتحال کا خیرمقدم کرے گی جس میں اس کا کوئی لیڈر یا ورکر اعلی تنظیمی عہدہ کے لیے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔ سرجے والا نے ماضی میں کانگریس کی صدارت کے لیے انتخاب کے انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے مثال پیش کی۔ اس سوال پر کہ آیا راہول گاندھی کے رواں ماہ کے اواخر میں پارٹی کی صدارت پر فائزکیا جاسکتا ہے۔ سرجے والا نے جواب دیا کہ اس سوال کا جواب اس وقت مل جائے گا جب تنظیمی انتخابات کا رواں مرحلہ اختتام پذیر ہوگی۔ راجستھان پر دیش کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے حال ہی میں پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نائب صدر راہول گاندھی دیوالی کے بعد پارٹی صدر کے عہدہ پر فائز ہوسکتے ہیں۔