سونیا گاندھی و راہول کو نوٹ بندی پر سوال اُٹھانے کا حق نہیں، کرپشن میں کانگریس کا بُرا ریکارڈ : مودی
بلاسپور 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس، اُس کے صدر راہول گاندھی اور اُن کی ماں سونیا گاندھی پر مسلسل لفظی حملے جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ اِس پارٹی کی سیاست ایک خاندان کے ساتھ شروع ہوتی ہے اور وہیں ختم ہوجاتی ہے۔ چھتیس گڑھ میں 20 نومبر کو دوسرے مرحلہ کی رائے دہی سے قبل یہاں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ترقی کے لئے بھی مضبوط کیس بناتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی نگرانی میں اِس کی رفتار بہت سست تھی، اُس کے مقابل بی جے پی کی حکمرانی کے دوران بہت فرق آیا ہے۔ گاندھی خاندان کو خصوصیت سے نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہاکہ ماں بیٹے کی جوڑی ضمانت پر ہے اور اُنھیں حکومت کے نوٹ بندی والے اقدام پر سوال اُٹھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ گاندھی قائدین کا نام لئے بغیر اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں نہیں بھولنا چاہئے کہ نوٹ بندی والے اقدام کے سبب ہی اُنھیں ضمانت کے لئے استدعا کرنا پڑا۔ کرپشن کے مسئلہ پر کانگریس پر لفظی حملہ کرتے ہوئے مودی نے 1985 ء میں اُس وقت کے وزیراعظم راجیو گاندھی کے ریمارک کا حوالہ بھی دیا کہ پچھڑے طبقات کی بھلائی کے لئے دیئے جانے والے ایک روپیہ میں سے صرف 15 پیسے اُن تک پہونچ پاتے ہیں۔ مودی نے استفسار کیاکہ کس ’ہاتھ‘ ٖ(کانگریس کا انتخابی نشان) نے بقیہ 85 پیسے غائب کردیئے۔ کانگریس کو کبھی ایسی قیادت حاصل نہیں ہوئی جس نے قوم کی بھلائی کے لئے جیتے یا مرتے ہوئے کام کیا ہو۔ چھتیس گڑھ کو ترقی کی موجودہ سطح تک پہونچنے کے لئے 50 برس لگتے اگر یہ راہول گاندھی زیرقیادت پارٹی کی حکمرانی کے تحت ہوتی اور اس کی وجہ ہے۔ اُن کی سیاست ایک خاندان سے شروع ہوتی ہے اور وہیں ختم ہوجاتی ہے جبکہ ہماری سیاست غریبوں کی جھونپڑیوں سے شروع ہوتی ہے۔ مودی نے نوٹ بندی کا حساب پوچھنے پر گاندھی قائدین کو نشانہ بنایا کہ آیا ماں بیٹے کی جوڑی مالی بے قاعدگیوں کی وجہ سے ضمانت پر نہیں ہے اور وہ کیا اُنھیں دیانتداری کی سند دیں گے؟ مودی نے کہاکہ اُنھیں نوٹ بندی کا حساب کتاب چاہئے؟ یہ نوٹ بندی کے سبب ہی ہوا کہ فرضی کمپنیوں کی شناخت ہوئی۔ اور اِسی کی وجہ سے اُنھیں ضمانت حاصل کرنی پڑی۔ آپ یہ کیوں فراموش کررہے ہو کہ نوٹ بندی کے سبب ہی آپ کو ضمانت طلب کرنی پڑی۔