جموں، 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی صدر غلام احمد میر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی پالیسیوں کی بدولت ملک کا سیکولر کردار محفوظ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کی ترقی کے لئے جو کام کیا ہے ، وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں درج ہے ۔ غلام احمد میر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں پارٹی کے فاؤنڈیشن ڈے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا 1885 ء میں آج ہی کے دن انڈین نیشنل کانگریس وجود میں آئی تھی۔ پہلا مرحلہ ملک کو آزاد کرانا تھا۔ملک کو آزاد کرانے کی قیادت اسی پارٹی نے کی ہے ۔ 1947 ء سے آج تک کانگریس نے جو کام اس ملک کی ترقی کے لئے کیا ہے ، وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں درج ہے ۔ جس ملک میں 1947 میں سوئی نہیں بنتی تھی، وہ ملک آج آسمانوں میں باتیں کررہا ہے ‘۔انہوں نے بی جے پی کا نام لئے بغیر کہا ‘آج کچھ عناصر کہتے ہیں کہ ہم نے ملک کو بہت آگے بڑھایا ہے ۔ ان کی بھی شراکت ہوسکتی ہے ۔ لیکن یہ نہیں بھلایا جاسکتا ہے کہ کانگریس نے آزادی کے لئے بھی قربانیاں دیں اور آزادی کے بعد بھی قربانیاں کا سلسلہ جاری ہے ۔اس ملک کو ایک رکھنے اور اس کے سیکولر تانے بانے کو قائم رکھنے کے لئے ، اس ملک کے امیر غریب کو ساتھ لے چلنے کے لئے کانگریس کے پاس جو پالیسی ہے ، یہی پالیسی ملک کو آگے بڑھا سکتی ہے ۔