کانگریس کی باگ ڈور پسماندہ طبقات کے حوالے کی جائے: اسلم شیر خاں

ھوپال۔/18ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش میں کانگریس کے اعلیٰ سطحی قائدین ڈگ وجئے سنگھ ، کمل ناتھ اور جیوتیرادتیہ سندھیا کو چاہیئے کہ وہ پارٹی کی باگ ڈور اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے حوالے کردے تاکہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں شکست فاش کی ہزیمت اُٹھانے کے بعد مزید شکست سے خود کو محفوظ رہ سکے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اسلم شیر خان نے یہ بات کہی۔ جاریہ سال ریاست میں مجالس مقامی کے انتخابات منعقد شدنی ہیں اور اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ مندرجہ بالا تین اعلیٰ سطحی قائدین کو جرأتمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحد ہوجانا چاہیئے اور پارٹی کی باگ ڈور دوسرے درجہ کے کانگریس لیڈروں کو سونپ دینی چاہیئے جن کا تعلق سماج کے پسماندہ، کمزور اور اقلیتی طبقوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعہ وہ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈروں سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں شکست فاش کے بعد مقامی مجالس انتخابات کے ذریعہ پارٹی کو متحد ہونے کا ایک اور موقع ملا ہے جو شاید آخری موقع بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے یہ ظاہر ہوگیا ہے کہ رجواڑی ریاستوں اور سرمایہ داروں کے دور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔