نئی دہلی 19 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسا لگتا ہے کہ کانگریس پارٹی کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے ۔ حالیہ انتخابات میں مسلسل شکستوں کے بعد اب کانگریس پارٹی کو اس کے دہلی کے ہیڈ کوارٹرس کے تخلیہ کی نوٹس دیدی گئی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب مرکزی وزارت شہری ترقی نے کانگریس پارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 24 اکبر روڈ نئی دہلی کی اس کا ہیڈ کوارٹر خالی کردیا جائے ۔ کانگریس پارٹی نے اس رپورٹ کی توثیق کی ہے اور کہا کہ اسے حکومت سے اس عمارت کا تخلیہ کردینے کی نوٹس موصول ہوئی ہے ۔ سینئر کانگریس لیڈر مسٹر موتی لال ووہرہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو مرکزی وزارت شہری ترقیات سے یہ نوٹس موصول ہوا تھا ۔ پارٹی نے اس نوٹس کی مطابقت میں اپنا جواب بھی روانہ کردیا ہے اور اگر وزارت کی جانب سے مزید کوئی مکتوب ملتا ہے یا کچھ نئی ہدایات موصول ہوتی ہیں تو اس سے واقف کروادیا جائے گا۔