کانگریس کو گجرات میں بہتر مظاہرہ کا یقین

احمدآباد۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں تمام نشستوں پر کامیابی کے بی جے پی کے دعوے پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ 2009ء لوک سبھا انتخابات کے مقابلے اس بار پارٹی کا موقف کافی بہتر رہے گا۔ گجرات پردیش کانگریس کمیٹی صدر ارجن مودواڈیا نے کہا کہ بی جے پی یہ دعویٰ کررہی ہے کہ 27 کے منجملہ وہ 26 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی، لیکن ہم ایسا کوئی دعویٰ نہیں کرتے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے اس بار کانگریس کو زیادہ نشستوں پر کامیابی ملے گی۔ انہوں نے گجرات میں 13 سے زائد نشستوں پر کامیابی اور یو پی اے III کے اقتدار کا یقین ظاہر کیا۔

مودی کو شکست دو : آنند شرما
وارناسی 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وارناسی کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کو شکست دی جائے۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت آنند شرمانے کہاکہ پورا ملک وارناسی کے انتخابی نتائج پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ یہ مقابلہ 2پارٹیوں کے درمیان نہیں بلکہ دو نظریات کے درمیان ہے۔