کانگریس کو مستحکم کرنے کا عزم

نلگنڈہ 10 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کے تمام پراجکٹوں کی تعمیر مکمل کروانے اور کانگریس پارٹی کو دوبارہ اقتدار پر فائز کروانا ہی میرا مقصد ہے۔ چند قائدین سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لئے غیر ضروری بیانات جاری کررہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ اپنی سیاسی وفاداری تبدیل کرنا چاہتے ہوں تو اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں۔ یہ بات سابق ریاستی وزیر و ڈپٹی فلور لیڈر کانگریس پارٹی و رکن اسمبلی نلگنڈہ مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے آج اپنی رہائش گاہ پر صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔ انھوں نے کہاکہ ضلع نلگنڈہ کو مثالی ضلع اور سرسبز و شاداب بناتے ہوئے عوامی خدمت کرنے کے لئے آگے آنے والے قائد پر مٹھی بھر افراد الزامات عائد کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے عوام کو واقف کروانے کے علاوہ پارٹی کے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ ہر وقت عوام کے درمیان رہنا میرا مقصد ہے۔ رکن اسمبلی نے کہاکہ عوامی شعور بیداری کے ذریعہ دوبارہ کانگریس پارٹی کو اقتدار پر فائز کروانا ہی میرا مقصد ہے۔ انھوں نے رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ سے متعلق اخبارات میں شائع خبروں سے متعلق استفسار پر کہاکہ پارٹی کی تبدیلی مرضی کی بات ہے لیکن وفاداری تبدیل کرنا ہے تو پہلے عہدہ سے مستعفی ہونا چاہئے۔ ماضی میں رکن پارلیمنٹ نے بھی مطالبہ کیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ ضلع میں جاری پراجکٹوں کی تکمیل کے لئے انھوں نے حکومت سے نمائندگی کی تھی۔ انھوں نے کہاکہ وہ کانگریسی ہیں اور پارٹی کے لئے ہی کام کرنا اور اُس کے استحکام کی کوشش کرنا ہی اُن کا مقصد ہے۔