کانگریس کو خلیج بنگال میں غرق کردیا جائے : کے ٹی آر

کانگریس کیڈر سے محروم اور تلگو دیشم لیڈر سے عاری ، دونوں پارٹیوں کا اتحاد ناپاک

حیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) نگران کار وزیر کے ٹی راما راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کو خلیج بنگال میں غرق کردیں۔ کانگریس جھوٹے وعدوں میں ملوث ہے۔ آنے والے اسمبلی انتخابات میں عوام اسے بدترین شکست دیں گے۔ انہوں نے دو حریف پارٹیوں کے درمیان اتحاد کو ’’دو سنیاسیوں کی دوستی‘‘ کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب دو سنیاسی ملتے ہیں تو ایک دوسرے کی پیٹھ کھوجاتے ہیں، اس سے زیادہ ان کا کوئی کام نہیں ہوتا‘‘۔ سرسلہ میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کے ٹی آر نے کانگریس کے خلاف مضحکہ خیز ریمارک کیا اور کہا کہ یہ پارٹی کیڈر سے محروم ہے اور تلگو دیشم لیڈر سے عاری پارٹی ہے۔ ٹی آر ایس کو شکست دینے کیلئے ان کے درمیان ناپاک اتحاد ہوا ہے۔ ریاستی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹوں کی قدر کرتے ہوئے ٹی آر ایس قائدین کے حق میں رائے دیں۔ اگر عوام کو محسوس ہورہا ہے کہ ٹی آر ایس نے ریاست میں تبدیلی کیلئے کچھ کام کئے ہیں تو ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں۔ رائے دہندوں کے جذبات کو اُبھارتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی ترقی ان کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ تلنگانہ کے حصول کے بعد ٹی آر ایس نے کئی ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں۔ کے سی آر نے کسانوں کو 5 لاکھ روپئے کا انشورنس دیا ہے۔ 43 لاکھ افراد کے وظیفے کو معمولی 200 روپئے سے بڑھاکر 1000 روپئے کردیا گیا ہے۔ جبکہ کانگریس اور بی جے پی وظیفہ میں اضافہ کا صرف وعدہ کرتے رہے۔