کانگریس کو اپنے دور اقتدار کا جائزہ لینے کا مشورہ : جئے پال یادو

کلواکرتی 31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی حلقہ اسمبلی کے ٹی آر ایس انچارج جئے پال یادو نے آج اپنی قیامگاہ پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس سے کہاکہ پہلے وہ اپنے 10 سالہ دور اقتدار کا جائزہ لے کہ اُس نے کسانوں کے لئے کیا کیا؟ اس ضلع کی ایک وزیر ڈی کے ارونا نے عہدہ رکھتے ہوئے بھی کسانوں اور ضلع کے پراجکٹ کے لئے کچھ نہیں کیا۔ آج جب انھیں عوام نے غلطیوں کی سزا اقتدار سے ہٹاکر دی ہے تو پھر دوبارہ صرف اور صرف کرسی کی خاطر عوام کو بہلاکر غلط احتجاج کررہے ہیں۔ عوام کو معلوم ہے کہ ٹی آر ایس نے اقتدار پر آتے ہی کسانوں کے قسط وار 50 فیصد قرض معاف کرچکی ہے اور آئندہ چند دنوں میں بقیہ 50 فیصد قرض بھی معاف کردے گی اور کسانوں کے لئے کئی ایک ترقیاتی پروگرام روبہ عمل لائے جانے والے ہیں۔ جبکہ بارش نہ ہونے کے سبب پورے تلنگانہ میں جہاں کسان پریشان ہیں وہیں حکومت اس کے متبادل انتظامات کے لائحہ عمل میں مصروف ہے اور ساتھ ہی ساتھ دیہاتوں کے عوام کیلئے ھامی پتگم کے ذریعہ ان کی مدد کیلئے مرکز پر دباؤ ڈال رہی ہے۔