نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کی حصولیابی اور بی جے پی حکومت کے تحت کئی دیگر معاملتوں کی تحقیقات کرنے کا وعدہ کیا ہے جو اُسے اقتدار حاصل ہونے پر ممکن ہوگی۔ پارٹی نے کہاکہ کسی امتیاز کے بغیر انسداد بدعنوانی قوانین لاگو کئے جائیں گے۔ اپریل ۔ مئی لوک سبھا الیکشن کے لئے اپنے منشور میں پارٹی نے یہ بھی کہاکہ وہ اُن حالات کی تحقیقات بھی کرے گی جن میں کئی دھوکہ بازوں کو ملک چھوڑنے دیا گیا اور اُنھیں واپس لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ متعدد دھوکہ باز کس طرح ملک سے فرار ہوگئے اور اُنھیں وطن واپس لانے کے لئے مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔