کانگریس کا ملک سے صفایا ہوچکا : وینکیا نائیڈو

حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ملک میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی ثابت ہوچکی ہے۔ ریاست آندھرا پردیش کیلئے بی جے پی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار این ڈی اے حکومت کا ایجنڈہ ملک کی ترقی کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔ مسٹر نائیڈو نے آر ایس ایس پر بعض گوشوں سے کی جانے والی تنقیدوں و عائد کئے جانے والے الزامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے معاملوں سے آر ایس ایس دور رہنے کے باوجود غیرضروری آر ایس ایس پر الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات نے حکومت پر کی جانے والی تنقیدوں پر اپنی برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں سے پارٹی کو مضبوط و مستحکم بناتے ہوئے پارٹی پر پورا بھروسہ رکھتے ہوئے کئی قائدین و کارکن بی جے پی کیلئے کام کررہے ہیں اور بالخصوص مَیں خود بھی ایک طویل عرصے سے پارٹی پر بھروسہ رکھتے ہوئے ایک معمولی کارکن کی حیثیت سے پارٹی کو مستحکم بنانے کیلئے کام کرتا رہا ہوں اور پارٹی سے ہی وابستہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو بی جے پی جیسی بڑی جماعت کی شدید ضرورت ہے تاکہ ہر اعتبار سے اور ہر شعبہ میں ملک کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے جبکہ ملک سے کانگریس پارٹی کا صفایا ہوچکا ہے اور آئندہ بھی دوبارہ کانگریس ہرگز نہیں ابھرسکے گی۔ بی جے پی کی اس رکنیت سازی مہم میں بی جے پی کے قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد کے علاوہ رکن پارلیمان بی جے پی مسٹر ہری بابو بھی شریک تھے۔