ممبئی ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج کہا کہ مرکز نے کانگریس کا حصول اراضی مسودہ قانون کے بارے میں مخالف ترقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ اس سلسلہ میں حکومت نے پسپائی اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کئی بار مودی حکومت کو کاشتکار دشمن قراردینے کی کوشش کی ہے لیکن اب اس کا مخالف ترقی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے جبکہ وزیراعظم نے حصول اراضی آرڈیننس کے دوبارہ اجراء کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے جہاز رانی و نقل و حمل نتن گڈکری نے کہا کہ حصول اراضی بل پر کانگریس نے مباحث کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اتفاق رائے پیدا کرے کیلئے وہ مباحث پر کبھی آمادہ نہیں ہوئی۔ اس نے ترقی پر کبھی توجہ نہیں دی اور نہ ہمیں ایسا کرنے کی اجازت دی۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہیکہ کانگریس پارٹی کاشتکاروں کے مفادات کی دشمن ہے۔ اب کانگریس کا مخالف ترقی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔