کانگریس کا اہم عہدہ حاصل کرنے کی رپورٹ مسترد: پرینکا گاندھی

نئی دہلی /8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائدین ان دنوں شدید الجھن کا شکار ہیں۔ کچھ سینئر قائدین نے یہ اطلاع پھیلادی کہ پرینکا گاندھی کانگریس کا اہم قلمدان حاصل کریں گی، لیکن پرینکا گاندھی نے آج ان اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ان سے منسوب جو بھی خبریں آرہی ہیں، وہ بے بنیاد اور افواہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں کانگریس میں کوئی اہم عہدہ حاصل نہیں کر رہی ہوں اور نہ سیاست میں حصہ لے رہی ہوں۔ انھوں نے اپنے ایک مختصر بیان میں بتایا کہ کانگریس پارٹی میں مختلف عہدوں کے حصول سے متعلق جو خبریں آرہی ہیں، غلط ہیں۔ جس طریقے سے یہ خبر پھیلائی گئی ہے، وہ غیر درست ہے۔ میں ان تمام لوگوں کی ممنون و مشکور ہوں گی، جو اس طرح کی خبریں پھیلانے سے احتراز کریں گے۔

ان کے اس تردیدی بیان کے بعد یہ قیاس آرائیاں ختم ہو جاتی ہیں کہ آیا وہ کانگریس کمیٹی میں جنرل سکریٹری بنائی جائیں گی یا اتر پردیش کانگریس کا سربراہ مقرر کیا جائے گا۔ کانگریس کے ترجمان شوبھا اوجھا نے کل کہا تھا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ گاندھی خاندان کے تینوں ارکان پارٹی کی قیادت سنبھالیں۔ اس کے بعد سے قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا۔ ہندوستان بھر میں ہر کوئی یہی چاہتا ہے کہ گاندھی خاندان کے تینوں ارکان کو سرگرم سیاست میں حصہ لینا چاہئے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تینوں پارٹی کی کمان سنبھالیں۔ چہار شنبہ کے دن بھی کانگریس کے سینئر لیڈر اور گاندھی خاندان کے وفادار آسکر فرنانڈیز نے بھی کہا تھا کہ پرینکا گاندھی کو کانگریس میں سرگرم رول ادا کرنا چاہئے۔