لکھنو 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں اسمبلی ضمنی انتخابات میں کانگریس تنہا مقابلہ کرے گی جو 12 نشستوں کے لئے منعقد کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی کے ایک لیڈر نے یہ بات بتائی۔ ضمنی انتخابات کے نظام العمل کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری مدھو سودن مستری نے اشارہ دے دیا کہ کانگریس کسی بھی پارٹی کے ساتھ ضمنی انتخابات میں مفاہمت نہیں کرے گی۔ مسٹر مستری اترپردیش کے دو روزہ دورہ پر ہیں اور وہ ریاستی سطح کے پارٹی لیڈروں سے مختلف موضوعات پر بات کررہے تھے۔ جس میں ریاستی یونٹ کے لئے ضمنی انتخابات کی تیاریاں بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کیرانہ، لکھنؤ (مشرقی)، ٹھاکر دوارہ، نوئیڈا ، اسہارنپور، چرخری، حمیر پور، نگاہسن، سیراتھو، بلہا اور روہنیا میں ضمنی انتخابات منعقد شدنی ہیں جہاں کے لیجسلیٹرس کا لوک سبھا کے لئے انتخاب عمل میں آیا ہے۔
کانگریس نے آر ایل ڈی اور مہان دل کے ساتھ سیاسی مفاہمت کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات لڑے تھے۔ مہان دل ایک علاقائی پارٹی ہے۔ کانگریس کی دونوں ہی حلیف جماعتیں کارکرد ثابت نہیں ہوئیں اور کانگریس کو صرف دو نشستوں پر کامیابی ملی۔ ایک رائے بریلی (سونیا گاندھی) اور دوسرے امیٹھی (راہول گاندھی) ۔ این ڈی اے حکومت نے جس طرح اقتدار پر آتے ہی ریل کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کی برہمی مول لی ہے اُس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اب ضمنی انتخابات میں کانگریس اپنی موجودگی کا احساس دلانا چاہتی ہے۔