سیاست میں نوجوانوں کو خاطر خواہ نمائندگی کی وکالت : راہول
بنگلور ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : راہول گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس کام زیادہ کرتی ہے لیکن وہ اپوزیشن کی طرح مارکیٹنگ کے معاملہ میں پیچھے ہے ۔ انہوں نے نیشنل یوتھ اینڈ اسٹوڈنٹس منشور کے سلسلہ میں مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اپوزیشن جماعتیں کام کم لیکن ان کی تشہیر زیادہ کرتی ہیں ۔ ہم زیادہ کام کرتے ہیں لیکن ہماری مارکیٹنگ زیادہ اچھی نہیں ہے ۔ انہوں نے بند کمرہ کے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہی واحد پارٹی ہے جو ہر ہندوستانی امیر ، غریب ، ہندو یا مسلم کو لے کر چل سکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں نوجوانوں کو خاطر خواہ نمائندگی نہ ملنے کی اہم وجہ امیدواروں کے انتخاب کا طریقہ کار ہے ۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا کوئی جماعت عوام سے یہ جاننا چاہتی ہے کہ ان کے حلقہ سے امیدوار کون ہو ؟ اس پروگرام میں سینئیر کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ ، مرکزی وزراء منیش تیواری ، سچن پائلٹ اور جتیندر سنگھ موجود تھے ۔ انفوسیس کے معاون بانی اور آدھار پروگرام کے سربراہ نندن نیل کانی نے بھی شرکت کی جو بنگلور سے کانگریس ٹکٹ پر لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں ۔۔
راہول گاندھی کو صرف امیتھی سے
مقابلہ کرنے کمار وشواس کا چیلنج
لکھنو ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے آج کہا یہ اطلاعات کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی ، چکمگلور اور امیتھی دونوں جگہ سے لوک سبھا انتخابی مقابلہ پر غور کررہے ہیں ، درست ہیں تو اس کا واضح مطلب ہے کہ انہوں نے مقابلہ سے پہلے ہی شکست تسلیم کرلی ۔ کمار وشواس آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حلقہ امیتھی سے مقابلہ کا منصوبہ بنا رہے ہیں ۔ راہول گاندھی یہاں کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ انہوں نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ایک مرتبہ چکمگلور ( کرناٹک ) سے مقابلہ کیا تھا ۔ کل امیتھی میں منعقد شدنی ریالی میں امکانی گڑبڑ کے بارے میں پوچھے جانے پر شاعر سے سیاستداں بننے والے کمار وشواس نے کہا کہ ملک کے سب سے طاقتور ترین خاندان کے حلقہ میں عام آدمی کے مسائل پر بات چیت کرنے میں آخر کیوں اعتراض ہورہا ہے ۔۔
کمار وشواس پر انڈہ پھینکا گیا
کمار وشواس کی پریس کانفرنس کے دوران کچھ دیر کے لیے اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک نوجوان نے ان پر انڈہ پھینکا اور مخالف نعرے لگائے ۔ اس نوجوان کی سیف جعفری کی حیثیت سے شناخت کی گئی جو ملائم سنگھ یوتھ بریگیڈ بجنور یونٹ کا ترجمان بتایا گیا ہے ۔ جیسے ہی پریس کانفرنس شروع ہوئی جعفری نے انڈہ پھینکا اور ایک کاغذ دکھایا جس میں کہا گیا تھا کہ وشواس نے اکثریتی و اقلیتی فرقہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور اسے معاف نہیں کیا جاسکتا ۔ عام آدمی پارٹی کارکنوں نے جعفری کو پولیس کے حوالے کردیا ۔۔
یو پی میں طالبہ کی اجتماعی عصمت ریزی
غازی آباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اترپردیش کے ایک پولیس کانسٹبل اور دو ساتھیوں نے دسویں جماعت کی طالبہ کی مبینہ طور پر اجتماعی عصمت ریزی کی ۔ یہ واقعہ مودی نگر علاقہ میں پیش آیا جہاں انہوں نے ویڈیو فلم بھی بنائی اور لڑکی کو کسی کے سامنے انکشاف پر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے کا انتباہ دیا ۔ اس لڑکی نے آج پولیس اسٹیشن پہنچ کر تینوں کے خلاف شکایت درج کرائی ۔۔