کانگریس کارکنوں کی پٹائی کے معاملے میں اے ایس پی کو جانچ سے ہٹایا گیا

رائے پور، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)چھتیس گڑھ حکومت نے بلاسپور میں کانگریس کے دفتر میں گھس کر کانگریس کارکنوں کی بے رحمی سے پٹائی اور ان کے خلاف رپورٹ درج کئے جانے کے معاملے میں ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ کو مجسٹریٹ جانچ مکمل ہونے تک ہٹا دیا گیاہے ۔وزیراعلیٰ رمن سنگھ نے وکاس یاترا کے دوران آج سورج پور میں پریس کانفرنس کے ذریعہ یہ اطلاع دی اور کہا کہ جانچ مکمل ہونے تک بلاس پور کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ نیرج چندراکر کو وہاں سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی مجسٹریٹ سطح کی جانچ کا حکم جاری کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ بلاسپور میں گزشتہ منگل کے روز چھتیس گڑھ حکومت کے شہری ترقیات کے وزیر امر اگروال کے مبینہ طور پر کانگریس کو کچرا کہنے کے خلاف ان کی رہائش گاہ پر کانگریس کے کچھ کارکنوں کی طرف سے کوڑا پھینکنے کے واقعہ کے بعد اس کے ردعمل میں ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ نیرج چندراکر کی قیادت میں بڑی تعداد میں پولیس فورس کانگریس کے دفتر پہنچ گئی تھی اور وہاں موجود کانگریس کارکنوں کی بڑی بے رحمی سے پٹائی کی تھی۔اے ایس پی کے ذریعہ سینئر کانگریس کارکنوں کی پٹائی کا ویڈیو وائر ہوا ہے ۔ کانگریس صدر راہل گاندھی کے ذریعہ اس ٹویٹ کے ساتھ ویڈیو پوسٹ جاری کرنے کے بعد سوشل میڈیا میں اس پر زبردست ردعمل ظاہر کیا جارہا ہے ۔ کانگریس نے کل ہی اس معاملے کی مجسٹریٹ جانچ کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ اس جانچ کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔اس معاملے کی عدالت کے ذریعہ جانچ ہونی چاہیے ۔