کانگریس پر غیراہم موضوعات کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا الزام

نئی دہلی ۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کانگریس پر غیراہم موضوعات کو پارلیمنٹ میں اصل موضوع کے طور پر پیش کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ حب الوطنی کا سبق دے رہی ہے جبکہ دہشت گردی کے آگے وہ خودسپرد ہوچکی تھی اور اس نے ممبئی حملوں کے کلیدی ملزم حافظ سعید کے تعلق سے انتہائی نرم رویہ اختیار کیا تھا۔ وزیراطلاعات و نشریات پرکاش جاودیکر جو بی جے پی ترجمان بھی ہے، کہا کہ کانگریس کا حالیہ لوک سبھا انتخابات میں صفایہ ہوچکا اور یہ مایوسی اور ناامیدی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کشمیری علحدگی پسند یٰسین ملک کے پاکستان میں حافظ سعید کے ساتھ دھرنا دیئے جانے اور کانگریس کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس غیراہم موضوعات کو پارلیمنٹ میں اہم موضوع کے طور پر پیش کررہی ہے۔ اسی طرح ایک ہندوستانی جرنلسٹ کے پاکستان دورہ کا موضوع بھی ہے جنہوں نے حافظ سعید سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہیکہ خود کانگریس کو یہ اندازہ ہیکہ اس کی حرکت غلط ہے لیکن وہ اپنی مایوسی کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔