کانگریس پر عوامی برہمی کا مودی کو مکمل فائدہ: بایاں بازو

نئی دہلی 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے کانگریس اور اُس کی پالیسیوں اور غیر کانگریسی، غیر بی جے پی متبادل کی عدم موجودگی کا نریندر مودی نے بھرپور فائدہ اُٹھایا ہے۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈی راجہ نے کہاکہ کانگریس پر عوامی برہمی اور غیر کارکرد پالیسیوں کے نتیجہ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور بیروزگاری میں اضافہ سے بی جے پی کو فائدہ حاصل ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ حالانکہ غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی متبادل کی باتیں ہورہی تھیں لیکن اِس کی عدم موجودگی سے بی جے پی کو بھرپور فائدہ ہوا۔ سی پی آئی (ایم) قائد نلوت پل باسو نے کہاکہ کانگریس مخالف عوامی رجحان کا بی جے پی نے فائدہ اُٹھایا ہے۔ مغربی بنگال میں بائیں بازو کی مکمل ناکامی پر ڈی راجہ نے کہاکہ بائیں بازو کی پارٹیوں کو حالیہ انتخابات میں 30 فیصد ووٹ حاصل ہوئے جبکہ کانگریس اور بی جے پی کو فی کس 10 فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔ اِس کے باوجود بائیں بازو کو ایک، کانگریس کو 4 اور بی جے پی کو دو نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ ہمارے انتخابی نظام کی کمزوری ہے۔ طویل مدتی بنیاد پر انتخابی اصلاحات کا مسئلہ اُٹھایا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ بڑے پیمانے پر بوگس ووٹنگ، مراکز رائے دہی پر قبضوں اور تشدد کے واقعات پیش آئے۔ ڈی راجہ نے کہاکہ بائیں بازو کو سنجیدگی سے خود احتسابی کی ضرورت ہے۔ اُسے اپنی حکمت عملی کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ازسرنو تعین کرنا ہوگا۔