کانگریس پارٹی، اقلیتوں کی ترقی کے عہد کی پابند

ناندیڑ۔29مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناندیڑ شہر کے پیر برہان علاقہ کی سڑکوں کی حالت چند برسوں قبل تک انتہائی خستہ حالی کا شکار بنی ہوئی تھی۔ لیکن کانگریس پارٹی نے جب اس علاقہ کی جانب اپنی توجہ دہانی کی تب اس روڈ کی مرمت پر 12کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ جس کے باعث اب مجھے شہر کے پیر برہان علاقہ کی اس سڑک کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ میں ممبئی کے محمد علی روڈ پر کھڑا ہوں۔ان خیالات کا اظہار مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک رائو چوہان نے شہر کے پیر برہان علاقہ میں منعقدہ ایک انتخابی جلسہ عام کے دوران بیان کی۔ اشوک رائو چوہان نے مزید کہا کہ میں خدا کا شکر گذار ہوں کہ وہ اس علاقہ ، شہر ، ضلع اور ملک کو امن و سکون کا گہوارہ بنادے۔ہم اس پارلیمانی انتخابات میں 2014ء میں جیت حاصل کریں یا شکست سے دوچار ہوں لیکن آپ اور میرے درمیان جو ایک محبت ، خلوص اور پیار کا جذبہ بنا ہواہے وہ الفت کا رشتہ ہمیشہ بر قرار رہے گا۔اس انتخابی جلسہ عام میں اشوک رائو چوہان نے مزید کہا کہ میں آپ سے دُعا کی درخواست کرتا ہوں کہ جس طرح آنجہانی شنکر رائو چوہان نے مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو صرف کیا تھا بالکل ویسے ہی میں اس شہر اورضلع کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو صرف کروں گا۔ لیکن اس کیلئے آپ کو کانگریس پارٹی کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا ہوگا اور وہ مضبوطی 17اپریل کو کانگریس پارٹی کے حق میں رائے دہی کے ذریعہ ممکن ہوسکتی ہے۔ کانگریس پارٹی اقلیتوں کی ترقی کیلئے پابند ہے اور اقلیتی بالخصوص مسلم محلوں کے بُنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔

اس انتخابی اجلاس میںوزیر سر پرست ڈی پی ساونت، میئر عبدالستار ، ڈپٹی میئر آنند چوہان ، انتخابی اجلاس کے صدر ناصر بھائی، کشور سوامی، کارپوریٹر عبدالصمد ،کارپوریٹر شفیع احمد قریشی،محمد منتجب الدین کانگریس پارٹی کے ترجمان ، کارپوریٹر فاروق علی، دُشنتھ سوناڑے ، مقبول سلیم ،بابو کھولے والا، چیرمین اومیش پاوڑے،مسعود خان ،نظیر احمد باباجی ، الطاف حسین ثانی و دیگر کانگریس کارکنان موجو دتھے۔ کانگریس پارٹی سکولر ازام کے جذبے کے ساتھ چلتی ہے اسی لئے ناندیڑ شہر میں ہم نے ایک مسلم اُمیدوار عبدالستار کو بلدیہ عظمیٰ کے میئر عہدہ کی ذمہ داری سوپنی ہے۔ اسی طرح ایک مراٹھا طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص آنند چوہان کو ڈپٹی میئر ، اور ایک دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص کو اسٹینڈنگ کمیٹی کا چیرمین بنایا ہے۔بتاریخ 30مارچ کو بی جے پی لیڈر نریندر مودی شہر ناندیڑ کا دورہ کرنے جارہا ہے۔ نریندر مودی جو کہ اپنے آپ کوآئندہ دنوں منعقد ہونے والے پارلیمان انتخابات میں وزرات عظمیٰ کا اہم دعویدار سمجھ رہا ہے لیکن اس کا یہ خواب کانگریس پارٹی کبھی پورا نہیں ہونے دے گی۔ اشوک رائو چوہا ن نے مزید کہا کہ میں نریندر مودی کو شکست دینے کیلئے ناندیڑ سے ایم پی کی حیثیت سے انتخابی میدان میں کھڑا ہوں۔ اور مودی کو شکست سے دوچار کروں گا۔ اشوک رائو چوہان نے اپنے بیان کا رُخ موڑتے ہوئے کہا کہ میرے مسلم بھائی جو حج کی زیارت کیلئے جاتے ہیں وہ کبھی ناگپور ، کبھی اورنگ آباد ، کبھی ممبئی جانے کی زحمت اُٹھاتے ہیں ۔ لیکن یہ میری دلی خواہش ہیں کہ راست طور پر ناندیڑ سے حج کیلئے ایک فضائی پرواز شروع کی جائے گی۔ اسی طرح ہم نے دیگلور ناکہ علاقہ میں مسلمانوں کیلئے ایک اُردو گھر کی تعمیرات سے متعلق ایک سنگ بُنیاد قائم کی ہے ۔ جلد ہی اس کے تعمیرسے متعلق کاموں کا آغاز بھی ہوگا۔ آخر میں اشوک رائو چوہان نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کانگریس پارٹی کے حق میں کرتے ہوئے ضلع اور شہر کی ترقی کی راہیں ہموار کریں۔