نئی دہلی 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ایگزٹ پولس کی جانب سے بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو اکثریت حاصل ہونے کی پیش قیاسی کی باوجود بی جے پی نے آج موجودہ برسر اقتدار پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو تنقید سے بچانے کیلئے کانگریس نے منموہن سنگھ کی شکل میں وزیر اعظم کے عہدہ کیلئے ’’ایک قربانی کا بکرا ‘‘ تلاش کرلیا تھا ۔ بلند حوصلہ بی جے پی نے دعوی کیاکہ وہ ایگز پولس کی پیش قیاسیوں سے کہیں زیادہ کامیابی حاصل کرے گی۔ بی جے پی نے پر زور انداز میں کہا کہ این ڈی اے 300 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاؤدیکر نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں پر الزام تراشی کانگریس کا ہمیشہ سے اصول رہا ہے جبکہ تمام اچھے کاموں کی کامیابی کا سہرہ کانگریس کے نائب صدر کے سر باندھا جاتا رہا ہے اور ناکامیوں کیلئے وزیر اعظم کو مورد الزام قرار دیا جاتا رہا ہے ۔ ایسے اوقات میں کانگریس نے ہمیشہ اجتماعی ذمہ داری کی بات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ سونیا گاندھی کیلئے ڈھال بنے ہوئے تھے ۔