کانگریس نے ہماچل پردیش کو مجرموں کی سرزمین بنادیا: چیف منسٹر یوپی آدتیہ ناتھ

شملہ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ویر بھدر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اِس حکومت نے دیو بھومی کو اپرادھ بھومی (دیوتاؤں کی سرزمین کو جرم کی سرزمین) بنادیا۔ بی جے پی امیدوار کی تائید میں ارکی اور ہرولی میں انتخابی جلسہ عام سے کل خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ جرم اور کرپشن میں ہماچل پردیش میں کانگریس کے دور اقتدار میں اضافہ ہوا اور پرزور انداز میں کہاکہ ہماچل پردیش کے عوام بی جے پی کی تائید میں ووٹ دیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہماچل پردیش اب شراب کے جنگلات، کانکنی مافیا اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے شہرت رکھتا ہے۔ منشیات مافیا ریاست میں عروج پر ہے لیکن حکومت خاموش ہے۔ آدتیہ ناتھ نے الزام عائد کیاکہ عوام نے یوپی میں کانگریس کو راستہ دکھادیا۔ اتراکھنڈ اور دیگر کئی ریاستوں میں ایسا ہوا اور اب ہماچل پردیش کی باری ہے۔ ہماچل پردیش میں 9 نومبر کو اسمبلی انتخابات مقرر ہیں۔