چیف منسٹر یو پی یوگی آدتیہ ناتھ کا الزام ، اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں خطاب
رائے گڑھ۔14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج الزام عائد کیا کہ کانگریس کرپشن، نکسل ازم، دہشت گردی اور ناقص حکمرانی کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کانگریس کا دور اقتدار ناقص حکمرانی کا بہترین نمونہ تھا۔ وہ دوسرے مرحلہ کے اسمبلی انتخابات کے لیے ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کانگریس پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ اس نے فوج کے شہید ہونے والوں کی توہین کی ہے جو انسداد نکسلائٹ کارروائیوں میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے مائوسٹوں کو انقلابی قرار دیتے ہوئے فوج کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سماج کو ذات پات، علاقہ، مذہب اور زبان کے خطوط پر تقسیم کرنے کے سوائے اور کچھ نہیں کیا۔ ملک میں اس کے 55 سالہ دور اقتدار میں کانگریس نے ہمیشہ غربت، ناقص حکمرانی، دہشت گردی، نکسل ازم اور کرپشن کی حوصلہ افزائی کی۔ صدر پردیش راج ببر کا نام لیے بغیر آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یو پی کانگریس قائد نکسلائٹس کو انقلابی قرار دے چکا ہے جو مائوسٹوں سے جنگ کرتے ہوئے شہید ہونے والے فوجیوں کی توہین کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کا ایک نعرہ سب کا ساتھ سب کا وکاس بھی تھا جس کے تحت عوامی بہبود اسکیموں کا تمام عوام کو ساتھ لے کر ترقی کے راستے پر پیش رفت تھا۔ کیوں کہ ترقی سماج کے تمام طبقات کا حق ہے۔ کانگریس اقتدار کے دوران کانکنی اور جنگلات مافیہ مویشیوں کی غیر قانونی منتقلی اور نکسل ازم چھتیس گڑھ میں اتنے عروج پر تھے کہ اس سے پہلے کبھی نہیں رہے۔ لیکن بی جے پی حکومت نے تمام بیماریوں پر قابو پایا۔ قبل ازیں دہلی سے 100 روپئے جاری کیے جاتے تھے اور عوام تک پہنچنے سے پہلے 10 روپئے بن جاتے تھے۔ کیوں کہ باقی 90 روپئے دلال ہڑپ کرجاتے تھے جن کا تعلق کانگریس سے تھا۔ لیکن اب یہ صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔ مودی حکومت اگر 100 روپئے جاری کرتی ہے تو عوام تک پہنچنے کے باوجود یہ 100 روپئے برقرار رہتے ہیں۔