کانگریس نے پانچ ریاستوں کے انتخابات کیلئے کمیٹی تشکیل دی

نئی دہلی، 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اس سال کے آخر میں اور اگلے سال ہونے والے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے لیے چھان بین کمیٹیوں کی تشکیل کی ہے جو امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیں گی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اڑیسہ اور میزورم کے لیے کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ سابق مرکزی وزیر شیلجا کو راجستھان، مدھو سودن مستری کو مدھیہ پردیش اور بھونیشور کالتا کو چھتیس گڑھ کی کمیٹی کا صدر بنایا گیا ہے ۔ للتیشور ترپاٹھی اور شاکر سنادی کو راجستھان کی کمیٹی کے ارکان کے طور پر مقرر کیا گیا ہے ۔ اسی طرح محترمہ نیتا ڈیسوزا اور اجے کمار لالو کو مدھیہ پردیش کی اور روہت چودھری اور اشون کوتوال کو چھتیس گڑھ کی کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے۔ وی ڈی ستیشن کو اڑیسہ کی چھان بین کمیٹی کا صدر اور جتن پرساد اور نوشاد سولنکی کو ممبر بنایا گیا ہے ۔ لوئی جنہو فلیریو کو میزورم کمیٹی کا چیئرمین بنا یا گیا ہے ۔

کسانوں کی آمدنی دوگنی نہیں ہوئی، خودکشی کے
واقعات دوگنے ہوئے: شیوسینا
ممبئی۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو ان کے کسانوں تک رسائی پروگرام پر شدید تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ان کی (کسان) آمدنی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ چہارشنبہ کو نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تقریباً 600 ڈسٹرکٹس کے کسانوں سے بات کی تھی جو ’’فارم آئوٹ ریچ‘‘ پروگرام کا حصہ تھا جہاں انہوں نے اپنی حکومت کے زرعی بجٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حکومت نے زرعی بجٹ کو دوگنا کرتے ہوئے 2.12لاکھ کروڑ کررہا ہے اور کس طرح ان کی حکومت کھیتوں سے ہونے والی آمدنی کو بھی دوگنا کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘ میں نریندر مودی کے کبھی نہ ختم ہونے والے اعلانات سے ملک بیزار ہوچکا ہے جہاں کسانوں کی آمدنی میں 2022ء تک دوگنا اضافہ کا نیا اعلان ہے، 2014ء میں بی جے پی کے منشور میں بھی یہی وعدہ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوا تھا۔