نئی دہلی۔28جون (سیاست ڈاٹ کام)اپوزیشن کی صدارتی امیدوار میرا کمار کی حمایت نہ کرنے کے تعلق سے جنتا دل (یو) نے آج واضح کیا کہ کانگریس نے کبھی بھی مسز کمار کی امیدواری پر اس کے ساتھ بات چیت نہیں کی۔ متحدہ جنتا دل کے سیکرٹری جنرل کے سی تیاگی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ایک اہم اپوزیشن پارٹی ہونے جے باوجود کانگریس نے مسز کمار کو صدر کے عہدے کا امیدوار بنانے پران کی پارٹی کے ساتھ کوئی صلاح و مشورہ نہیں کیا ۔” کانگریس نے اگر قومی جمہوری اتحاد کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کا نام اعلان ہونے سے پہلے مسز کمار کے نام کی تجویز پیش کی ہوتی تو پارٹی ان کی حمایت کر سکتی تھی”۔ انہوں نے کہا کہ کانگریسی لیڈروں کا ان کی پارٹی سربراہ اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے خلاف منفی تبصرہ کرنا بدبختانہ ہے ۔ میڈیا میں اس طرح کے کچھ تبصروں سے صدمہ پہنچا ہے ۔ جے ڈی یو لیڈر کا یہ بیان کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کے اس بیان کے تناظر میں آیا ہے جس میں انہوں نے مسٹر کمار کی مسٹر کووند کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ مسٹر آزاد نے کہا تھا کہ وہ لوگ جو ایک اصول میں یقین کرتے ہیں وہ ایک فیصلہ لیتے ہیں لیکن جو کئی اصولوں پر یقین رکھتے ہیں وہ مختلف فیصلے کرتے ہیں۔
مہاگٹھ بندھن قائدین ذاتی طورپر
بیان بازی کررہے ہیں: وجے پرکاش
نئی دہلی ۔28جون (سیاست ڈاٹ کام)بہار کے ارضیاتی وسائل کے وزیر وجے پرکاش نے مہا گٹھ بندھن کو مضبوط قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ اس کے اتحادی لیڈران گٹھ بندھن میں اختلافات کے سلسلے میں خود غرضی پر مبنی ذاتی بیان بازی کر رہے ہیں۔مہاگٹھ بندھن کے اتحادی پارٹی جنتا دل یونائٹیڈ یا راشٹریہ جنتا دل کی جانب سے عظیم اتحاد میں اختلافات کے تعلق سے کوئی سرکاری بیان نہیں آیا ہے ۔ ان پارٹیوں کے لیڈر ذاتی طور پر بیان بازی کر رہے ہیں۔