کانگریس نے قومی سلامتی کی پرواہ نہیں کی : امیت شاہ

ساگر 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ کانگریس نے اپنے دور اقتدار میںملک کی سلامتی کی پرواہ نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدات کو محفوظ بنانا مودی زیر قیادت حکومت کا کارنامہ ہے ۔ یہاں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے ملک کی سلامتی کو زیادہ توجہ دینے کا سہرا بی جے پی حکومت کے سر باندھا۔ انہوں نے کہا کہ جب کانگریس اقتدار میں تھی اور منموہن سنگھ وزیر اعظم تھے پاکستانی دہشت گرد ملک میں گھس آتے ‘ بم دھماکے کرتے اور واپس چلے جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں ہوئے اوری حملے کے بعد ملک بھر کے عوام میں غصہ تھا ۔ اس حملے میں 18 ہندوستانی سپاہی ہلاک ہوگئے تھے ۔ تاہم یہ کوئی منموہن سنگھ کی حکومت نہیں تھی اور نریندر مودی نے اپنے سپاہیوں کو حکم دیا کہ وہ جوابی حملہ کریں اور انتقام لیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے 70 سالہ دور اقتدار میں ملک کی سلامتی کی پرواہ نہیں کی جب وہ اقتدار میں تھی ۰ اسے صرف ووٹ بینک کی فکر تھی ۔ ہمارے لئے ملک کی سلامتی اپنی زندگیوں سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے ۔ ہم ملک کی سرحدات کو محفوظ بنانے پر توجہ دیتے رہے ہیں۔