کانگریس نے تلنگانہ تشکیل دیکر اقتدار کو داؤ پر لگا دیا

نارائن کھیڑ ۔ 23 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودھر راج نرسمہا کہ کہا کہ کانگریس پارٹی ہی ملک کی وہ واحد بڑی سیاسی جماعت ہے جو ملک و ریاستوں کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کی پابند عہد ہے اور کانگریس پارٹی نہ صرف علاقائی پارٹی ہے بلکہ اس کی وسعت کشمیر سے لیکر کنیاکماری تک ہے جہاں پر تمام طبقات کانگریس پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں اور صدر کانگریس شریمتی سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے ووٹوں اور سیٹوں کی پرواہ کئے بغیر علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے اعلان کا جرأتمندانہ اقدام اٹھایا جو ایک قابل مبارکباد امر ہے جبکہ ٹی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ خود تشکیل علحدہ ریاست تلنگان کا دعویٰ کرتے ہوئے غیر متعلقہ اور سرمایہ دار افراد کو پارٹی ٹکٹ دیکر ’’سیاست کی تجارت‘‘ پر عمل پیرا ہیں جو ایک انتہائی معیوب بات ہے جبکہ تشکیل تلنگانہ کا سہرا صدر کانگریس شریمتی سونیا گاندھی کے سر جاتا ہے

جنہوں نے قیام تلنگانہ میں اپنا اہم رول ادا کیا ہے ورنہ ٹی آر ایس سربراہ کی جانب سے مزید کئی برسوں تک تلنگانہ تحریک چلانے پر بھی تلنگانہ کی تشکیل ناممکن تھی۔ مسٹر دامودھر راج نرسمہا کل شام عام انتخابات کے سلسلہ میں رحمن گارڈن فنکشن ہال نارائن کھیڑ میں منعقدہ کانگریس پارٹی کارکنوں کے جلسہ عام کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے ٹی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں صرف چندرشیکھر راؤ ہی نے حصہ نہیں لیا بلکہ تلنگانہ کے تمام طبقات، طلباء تنظیموں، سرکاری ملازمین اور عوامی قائدین نے حصہ لیا۔ مسٹر دامودھر راج نرسمہا نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس مرتبہ منعقد شدنی انتخابات میں مرکز و ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کانگریس برسراقتدار آ جائے گی اور کانگریس کے برسراقتدار آنے پر نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کے علاوہ بیروزگاری کے مسئلہ کو حل کرتے ہوئے تلنگانہ میں زائد از ایک لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کے کانگریس امیدوار مسٹر سریش کمار شیٹکار نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل صدر کانگریس سونیا گاندھی کی مرہون منت ہے

اور شریمتی سونیا گاندھی نے تلنگانہ کے عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کرکے دکھایا۔ حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے کانگریس امیدوار مسٹر پی کشٹاریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے ٹی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چندرشیکھر راؤ کو موقع پرست اور بد دیانت قائد قرار دیا۔ آخر میں مسٹر پی کشٹاریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انہیں (مسٹر پی کشٹاریڈی) کو اور حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کے امیدوار مسٹر سریش کمار شیٹکار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ حلقہ پارلیمان ظہیرآباد اور حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔ اس موقع پر شہ نشین پر سابق وزیر مسٹر راجیا، سابق رکن اسمبلی مسٹر کشن سنگھ، کانگریس قائدین مسرز نگیش کمار شیٹکار، کے بالکشن، ستیہ نارائنا، محمد عبدالرشید مدینہ، چندرشیکھر ریڈی، سدھاکر ریڈی، محمد نجیب، منوج پاٹل، پنڈری ناتھ راؤ، سردار راتھوڑ، محمد طاہر، ونود پاٹل کے علاوہ کانگریس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔