کسانوں کی خودکشی اور بیروزگاری پر خاموش مودی کو ہمیشہ کانگریس کی فکر، چدمبرم کا جوابی وار
نئی دہلی۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے وزیراعظم نریندر مودی پر جوابی وار کرتے ہوئے آج انہیں کانگریس کے ان تمام صدور کی فہرست یاد دلائی جن کا تعلق نہرو گاندھی خاندان سے نہیں ہے اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اب وہ اپنی حکمرانی میں کسانوں کی خودکشی، بیروزگاری اور رافیل لڑاکا طیارہ معاملت کے بارے میں لب کشائی کریں۔ چھتیس گڑھ میں جمعہ کو منعقدہ انتخابی ریالی میں وزیراعظم مودی نے کانگریس سے کہا تھا کہ وہ نہرو۔ گاندھی خاندان سے ہٹ کر کسی دوسرے لیڈر کو پانچ سال کے لئے کانگریس کا صدر بناکر دکھائیں۔ چدمبرم نے سلسلہ وار ٹوئیٹس کرتے ہوئے ایسے ناموں کی طویل فہرست بیان کی اور کہا کہ کانگریس کو فخر ہے کہ اس نے مابعد آزادی عام پس منظر سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین جیسے بابا صاحب امبیڈکر، لال بہادر شاستری، کامراج اور منموہن سنگھ اہم عہدوں پر فائز ہوئے۔ اس کے علاوہ ماقبل آزادی ہی دیگر ہزاروں عام و معمولی پس منظر سے ابھرنے والے قائدین کانگریس کے تنظیمی اور حکومتی عہدوں پر فائز ہوئے ہیں۔ چدمبرم نے کہا کہ ’’وزیراعظم کی یادداشت جگانے کیلئے بتادیتا ہوں کہ 1947ء کے بعد سے کانگریس کے صدور میں آچاریہ کرپلانی، پٹابھی سیتا رامیا، پرشوتم داس ٹنڈن، یو این دیہبر، این سنجیوا ریڈی، ڈی سنجیویا، کامراج، نجلنگپا، سی سبرامنیم، جگجیون رام، شنکر دیال شرما، ڈی کے بروا، کے برہمانندا ریڈی، پی وی نرسمہا راؤ اور سیتا رام کیسری وغیرہ شامل ہیں۔ مودی پر طنز کرتے ہوئے چدمبرم نے کہا کہ وہ ممنون ہیں کہ وزیراعظم کو اس بات کی بڑی فکر رہتی ہے کہ کانگریس کا صدر کون منتخب کیا جاتا ہے اور وہ اس کے بارے میں باتیںکرنے کافی وقت دیا کرتے ہیں۔ چدمبرم نے سوال کیا کہ آیا (مودی) نوٹ بندی، جی ایس ٹی، رافیل معاملت، سی بی آئی اور آر بی آئی کے بارے میں لب کشائی کے لئے اس کا آدھا وقت بھی دے سکتے ہیں؟ چدمبرم نے کہا کہ ’’وزیراعظم مودی آیا کسانوں کی خودکشی، بڑے پیمانے پر بیروزگاری، ہجومی تشدد میں ہلاکتوں، عصمت ریزی، خواتین اور بچوں پر مظالم و جرائم، انسداد عاشقی اسکواڈ، گاؤ رکھشکوں کے تشدد اور بڑھتے ہوئے دہشت گرد حملوں کے بارے میں بھی کچھ بولیں گے؟‘‘