نئی دہلی ۔ 7 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر سچن پائلٹ نے یہ اعتراف کیا کہ تنظیمی سطح پر یو پی اے حکومت میں خامیاں ہونے کا وہ انکار نہیں کرتے لیکن انہیں یقین ہے کہ 21 ویں کانگریس کو دوبارہ ’’پٹریوں ‘‘ پر لانے کیلئے تبدیلاں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے انتخابات میں کانگریس کی ناقص کارکردگی کیلئے راہول گاندھی کو مورد الزام ٹھہرانے سے انکار کردیا اور کہا کہ پارٹی کے نائب صدر کو فرد واحد کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہئے بلکہ اب انہیں ایسی ریاستوں پر زائد توجہ دینی چاہئے جہاں لوک سبھا انتخابات کے دوران کانگریس کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا راہول گاندھی کی قیادت میں بہتری پیدا ہونے کی توقع ہے کہ تو انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کو فرد واحد کے طور پر دیکھنے کی چنداں ضرورت نہیں۔ ہمیں یہ نہیںبھولنا چاہئے کہ ان کا تعلق کانگریس جیسی قدیم اور بڑی پارٹی سے ہے ۔ میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ تنظیمی سطح پر اور یو پی اے حکومت دونوں میں خامیاں تھیں جن کا سدباب کیا جائے گا۔