کانگریس میں بحران ‘ راہول استعفی پر مصر؟

دو ریاستی حکومتوں کا مستقبل مشکوک ‘ تین ریاستی صدور مستعفی ہونے تیار
نئی دہلی 27 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات میں بڑی شکست کے بعد کانگریس میں داخلی بحران کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے جبکہ راہول گاندھی پارٹی صدارت سے استعفی پر مصر ہیں ۔ اس کے علاوہ راجستھان اور کرناٹک میں اس کی حکومتیں بھی بحران کا شکار ہوتی نظر آ رہی ہیں۔ علاوہ ازیں کئی ریاستوں کے کانگریس صدور نے بھی اپنے عہدوں سے استعفی کی پیشکش کی ہے جن میں پنجاب کے سنیل جاکھر ‘ جھارکھنڈ کے اجوئے کماراور آسام کے ریپون بورا بھی شامل ہیں۔ پارٹی قائدین نے یہ بات بتائی ۔ کانگریس ذرائع نے کہا کہ راہول گاندھی استعفی پر مصر ہیں اور سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے کئی قائدین پر واضح کردیا ہے کہ پارٹی کیلئے اب نئے صدر کا انتخاب کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ پارٹی کے داخلی بحران کے دوران کرناٹک اور راجستھان میں پارٹی کی حکومتوں کیلئے مشکل صورتحال بنتی جا رہی ہے ۔ کرناٹک میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے کچھ ارکان اسمبلی نے بی جے پی قائدین سے ملاقاتیں بھی شروع کردی ہیں اور حکومت کو زوال کا شکار کرنے کی منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ راجستھان میں بھی کچھ وزرا پارٹی کی شکست سے ناراض دکھائی دیتے ہیں اور وہ شکست کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس بحران کے دوران کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے آج تمام گوشوں سے کہا کہ وہ ورکنگ کمیٹی اجلاس کے تقدس کا احترام کریں اور میڈیا سے کہا گیا تھا کہ وہ گپ شپ اور قیاس آرائیوں کو پروان نہ چڑھائے ۔سرجیوالا نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بند کمرے میں ہوا تھا اور اس تعلق سے کوئی بھی قیاس آرائی غیر ضروری ہوگی ۔