کانگریس مایوسی کا شکار، انتخابی مہم میں جان ڈالنے سونیا گاندھی کوشاں:جیٹلی

بی جے پی کے کمانڈرس تبدیل نہیں ہوں گے،قوم بڑے پیمانہ پر تبدیلی کی خواہاں، منموہن سنگھ کمزور ترین وزیراعظم، بی جے پی لیڈر کا بیان

امرتسر ۔ 16 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے ووٹوں کیلئے اپنے ٹیلی ویژن اپیل کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انتخابی میدان میں انہوں نے عین موقع پر کمانڈ سنبھال لی ہے۔ ارون جیٹلی نے انتخابی میدان کو کرکٹ میچ اور انتخابی مہم سے تعبیر کیا اور کہا کہ انتخابی مہم کے دوران راہول گاندھی کو ہٹاکر سونیا گاندھی نے مورچہ سنبھالا ہے تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس مایوسی کا شکارہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں ٹی وی کے اشتہار میں راہول گاندھی کو پیش کیا جارہا تھا، اب ان کی جگہ ان کی والدہ نے لے لی ہے۔ راہول گاندھی ووٹ حاصل کرنے کے ہنر سے ناواقف ہے۔

ان کی انتخابی مہم میں کوئی موثر بات نظر نہیں آرہی تھی۔ جیٹلی نے وضاحت کی کہ کانگریس کی انتخابی مہم سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مایوسی کا شکار ہوگئی ہے۔ قومی سطح پر معاشی ، حکمرانی اور سلامتی مسائل پر ناکامی کے بعد کانگریس پر مایوسی طاری ہے۔ عین انتخابات کے دوران گارڈ تبدیل کرتے ہوئے اس نے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے لیکن ان حربوں سے کچھ مدد نہیں ملے گی کیونکہ عوام غلط حکمرانی سے بیزار آچکے ہیں۔ امرتسر کے انجالا مقام پر ہند۔پاک سرحد کے قریب انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ارون جیٹلی نے کہا کہ ملک بھر میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے، عوام کا موڈ بھی تبدیلی کی طرف مائل ہے۔ عوام ایک مضبوط ، مستحکم اور فیصلہ ساز حکومت کو ووٹ دیں گے۔