بھوبھانیشور ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اڑیشہ کے سابق چیف منسٹر گریدھرگومنگ نے آج اپنے فرزند سہیر کے ساتھ بی جے پی ہیڈکوارٹر پر پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ باپ اور بیٹے نے پارٹی کے آرگنائز نیشنل سکریٹری رام لال ، 2 مرکزی وزراء جول اورام اور دھرمیندر پردھان پارٹی کے ریاستی صدر کے وی سنگھ دیو اور دیگر سینئیر لیڈروں کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوگئے ۔ کانگریس کے ٹکٹ پر 9 مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب اور سابق مرکزی وزیر گریدھر گومنگ اور ان کے فرزند سہیر نے کنول کے نشان کے ساتھ بی جے پی کی ٹوپی لگائی بعد ازاں گومنگ نے مس کال کے ذریعہ پارٹی کی رکنیت کے لیے اپنا نمبر درج کروایا ۔ بی جے پی میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے سنجیدگی سے کام کریں گے ۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ بی جے پی میں شمولیت کے لیے کوئی سیاسی محرکات نہیں ہے جو کہ اب مرکز میں برسر اقتدار ہے ۔ گومنگ کے علاوہ ناگراج دورا ، اور رابندر مہاپترا نے بھی آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ جس کا پارٹی میں پرتپاک خیر مقدم کیا گیا ۔ اس موقع پر بی جے پی کی ریاستی قیادت نے بہت جلد ریاست بھر میں عوام سے رابطہ کا پروگرام شروع کیا جائے گا اور مختلف محاذوں پر بیجو جنتادل حکومت کی ناکامیوں کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا ۔۔