بھینسہ میں غم و اندوہ کی لہر اور اظہار تعزیت
مدہول /2 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ میں ایک بی فارمیسی کا طالب علم تیراکی کے دوران غرقاب ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب راجو گوڑ عمر 28 سال ساکن بھینسہ ولد جی مرلی گوڑ کانگریس پارٹی ٹاون صدر بھینسہ کے فرزند اسمبلی و پارلیمانی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے آبائی وطن بھینسہ آئے ہوئے تھے ۔ صبح 7 بجے مکان سے ہیر کٹنگ بنانے کیلئے باہر گئے لیکن اپنے ساتھیوں کے ساتھ گڈنا واگو پراجکٹ پہونچکر تیراکی کی اور تیراکی کے دوران غرقاب ہوگیا جسں کی اطلاع ملتے ہی افراد خاندان اور مسٹر جی وٹھل ریڈی امیدوار رکن اسمبلی مدہول کے علاوہ سینکڑوں افراد گڈنا واگو پراجکٹ پہونچ گئے اور باہر سے غوطہ خوروں کو طلب کرتے ہوئے نعش کو نکالا ، راجو گوڑ بی فارمیسی سے فارغ ہوکر ناسک کی ایک میڈیسن کمپنی میں خدمات انجام دے رہا تھا ۔ مرلی گوڑ کا اکلوتا بیٹا تھا ۔ اس کی والدہ حال ہی میں بھینسہ میونسپل میں کانگریس پارٹی سے کونسلر کی امیدوار ہیں ۔ اس طرح سیاسی و سماجی حلقوں میں بہت مقبول ہیں ۔ جس کی وجہ سے ہندو مسلم تمام طبقات کے علاوہ جی وٹھل ریڈی امیدوار ایم ایل اے مسٹر وینگوپال چاری سابقہ رکن اسمبلی مدہول راما دیوی بی جے پی امیدوار ایم ایل اے مدہول مسلم قائدین میں جناب جناب مجیب احمد حلقہ اسمبلی مدہول صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا ، جناب سید آصف صدر منڈل بھینسہ ڈبلیو پی آئی جی نرسا گوڑ بلاک صدر کانگریس پارٹی مدہول جناب افروز خان کانگریس پارٹی صدر منڈل مدہول ڈگمبر مہاشٹی وار کے علاوہ سینکڑوں افراد مرلی گوڑ کے گھر پہونچکر دلاسہ دیا ۔ نریش بابو ایس آئی بھینسہ نے پنچنامہ کرکے بھینسہ سرکاری دواخانہ منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔ بھینسہ شہر میں راجو کی موت پر ہندو مسلم تمام افراد نے افسوس کا اظہار کیا ۔ مسٹر مرلی گوڑ کو ایک ہی سہارا تھا ۔ وہ بھی موت کے منہ میں چلاگیا جس کا مرلی گوڑ کو گہرا صدمہ پہونچا ۔