رائے پور 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تین نکسلائٹس جو 2010 ء میں کانگریس قائد اودیش گوتم کے مکان پر حملہ میں ملوث تھے، کو چھتیس گڑھ کے شورش زدہ دنتیواڑہ ضلع سے گرفتار کرلیا گیا جن کی 25 سالہ دیوا کنجم،30 سالہ برے مانجھی اور 25 سالہ کوما کونجم کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی ہے ۔ سی آر پی ایف اور ڈسٹرکٹ فورس نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا ۔ دنتیواڑہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کاملو چن کیشیپ نے یہ بات بتائی ۔ کوا کونڈا علاقہ کو جس وقت سکیوریٹی فورسس ناکہ بندی کررہی تھی، اسی وقت ان تینوں نکسلائٹس پر فوجیوں کی نظر پڑی جو گشت کرنے والے فوجیوں کی حرکات وسکنات پر نظر رکھے ہوئے تھے ۔ بعدازاں ان کا محاصرہ کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا ۔ تازہ ترین اطلاع ملنے تک گرفتار شدہ نکسلائٹس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔مبصرین کا خیال ہے کہ نکسلائٹس کا مسئلہ صرف نظم و قانون کا مسئلہ نہیں ہے اس علاقہ میں پسماندگی کی وجہ سے نکسلائٹس کے نظریات کو فروغ حاصل ہورہا ہے ۔ جس کی وجہ سے نوجوان نکسلائٹس تحریک میں شامل ہونے پر مائل ہورہے ہیں ۔ حالانکہ حکومت نے اس علاقہ کو ترقی دینے کے کئی پروگرام شروع کئے ہیں لیکن ان کے فوائد عوام تک کچھ تو نکسلائٹس کی مخالفت اور کچھ کرپٹ سرکاری عہدیداروں کی بناء پر نہیں پہنچ رہے ہیں۔