کانگریس قائد ستپال مہاراج بی جے پی میں شامل

نئی دہلی۔/21مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) اترا کھنڈ میں کانگریس کو ایک دھکا اسوقت لگا جب گڑھوال سے کانگریس ایم پی ستپال مہاراج نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس سلسلہ میں ان کا کہنا ہے کہ ملک کو آج مستحکم قیادت کی ضرورت ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ مہاراج اس خطہ میں ایک روحانی گرو تسلیم کئے جاتے ہیں جن کے عقیدتمندوں کی ایک قابل لحاظ تعداد ہے۔

انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ گزشتہ سال اترا کھنڈ میں جو سیلاب آیا تھا اس کے متاثرین کی جانب سے کانگریس نے آنکھیں پھیر لیں اور ان کی باز آبادکاری کے ہنوز کوئی انتظامات نہیں کئے۔ مہاراج کی اہلیہ اترا کھنڈ کی کانگریس حکومت میں کابینی وزیر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ نریندر مودی ملک کے نئے وزیر اعظم بنیں کیونکہ ملک کو آج مضبوط حکمراں کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مہاراج کی موجودگی سے بی جے پی کو مزید تقویت حاصل ہوگی جس سے یہ بات بھی ظاہر ہوجاتی ہے کہ عوام کو مودی پر کتنا اعتماد ہے اور کس طرح وہ کانگریس حکومت سے بیزار ہیں۔

مہاراج نے ایک بار پھر اترا کھنڈ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے حکومت نے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جبکہ عوام دو وقت کی روٹی کیلئے یہاں روزگار کی تلاش میں پریشان ہیں۔ مہاراج کے بارے میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ کانگریس سے سخت نالاں ہیں کیونکہ کانگریس نے وزارت اعلیٰ کے عہدہ کیلئے ہریش راو ت کا انتخاب کیا۔ مہاراج نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ کانگریس کی جانب سے ان کے حلقہ انتخاب کو نظر انداز کرنے پر بطور احتجاج لوک سبھا انتخابات نہیں لڑیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ مہاراج نے اپنی زندگی کا طویل عرصہ کانگریس کے ساتھ گذار دیا۔