کانگریس قائدین کی آبپاشی پراجکٹس میں رکاوٹ:ہریش راؤ

حیدرآباد30اپریل(سیاست ڈاٹ کام)تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ہریش راو نے الزام لگایا کہ کانگریس لیڈران کسانوں کو مشتعل کرتے ہوئے آبپاشی پروجیکٹس میں رکاوٹوں کی کوشش کر رہے ہیں۔اسمبلی سیشن کے اختتام کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کسانوں کے ساتھ جھوٹی ہمدردی دکھارہی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ حصول اراضی بل پر قبل ازیں ہی ایوان میں تفصیلی مباحث ہوئے ۔اب ترمیمی بل پر مزید مباحث کی کوئی ضرورت نہیں تھی ۔ اسی کو محسوس کرتے ہوئے حکومت نے بل کو منظوری دی ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس رہنماوں نے دانستہ طورپر ایوان میں گڑبڑ کی ۔ہریش راو نے کہاکہ قبل ازیں ہی تمام جماعتوں کو اس بات سے واقف کروایا گیا تھا کہ ترمیمی بل کی منظوری کے لئے ہی اسمبلی کا خصوصی سیشن طلب کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی میں کانگریس قائدین کا جو رویہ تھا، اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان لیڈران کو ریاست کی ترقی پسند نہیں۔اسی دوران وزیر عمارات وشوارع ٹی ناگیشور راو نے کہا کہ کانگریس لیڈران کے رویہ کا کسان ہی مناسب جواب دیں گے ۔کسانوں کی بہبود کے لئے ریاستی حکومت گزشتہ تین سال سے کئی اقدامات کر رہی ہے ۔ ناگیشور راو نے کہاکہ حصول اراضی ترمیمی بل کی مخالفت کرنے والے تمام افراد کسانوں کے مخالف ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی اے سی اجلاس میں بل کی منظوری کے لئے تعاون کرنے کا کانگریس نے یقین دلایا تھا اور آج ایوان میں بل کی منظوری میں رکاوٹیں حائل کرنے کی کوشش کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ آبپاشی پروجیکٹس کی تعمیر میں تیزی لانے کے لئے یہ بل کافی سود مند ثابت ہوگا ۔وزیر موصوف نے کہا کہ کھمم مارکٹ یارڈ میں تشدد برپا کرنے والوں میں کسان شامل نہیں ہیں۔تلگودیشم اور کانگریس کے کارکنوں نے ہی مارکٹ میں توڑ پھوڑ کی ۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ بات واضح ہوگئی ہے ۔