کانگریس قائدین کو سزا دہی پہلے ممکن نہ تھی: مودی

ممبئی ۔ 18ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سکھوں کے خلاف 1984ء کے فسادات کے متاثرین کو انصاف ملنے میں بڑی تاخیر کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کسی نے بھی قیاس نہیں کیا تھا ہوگا کہ کانگریس قائدین کو اس کیس میں سزا ملے گی ۔ مودی یہاں ری پبلک سمٹ سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چار سال قبل کسی نے بھی نہیں سوچا تھا کہ کانگریس قائدین کو 1984ء سکھ قتل عام میں مجرم پایا جائے گا اور متاثرین کے ساتھ انصاف ہوگا ۔ مودی کے ریمارکس ایک روز بعد سامنے آئے ہیں جب کہ سینئر کانگریس لیڈر سجن کمار کو دہلی ہائیکورٹ نے 1984ء مخالف سکھ فسادات کیس میں مجرم پایا اور انہیں سزائے عمر قید سنائی ۔ عدالت نے کہا کہ فسادات انسانیت کے خلاف جرم ہے اس کا ارتکاب اُن عناصر نے کیا جنہیں سیاسی سرپرستی حاصل رہی ۔سمٹ میں مودی نے کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس نے ہندوستانی فضائیہ کیلئے رافیل جٹ طیاروں کی حصول یابی سے متعلق الزامات پر سپریم کورٹ کی حالیہ رولنگ پر بے اطمینانی ظاہر کی ہے ۔