کانگریس عوام میں اُلجھن پیدا کررہی ہے، بی جے پی زیادہ نشستوں پر کامیاب ہوگی

ممبئی 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا بی جے پی یونٹ صدر راؤ صاحب دنوے نے آج کہاکہ کانگریس عوام میں بی جے پی کے خلاف اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ ان کی پارٹی 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات اور ریاستوں میں اسمبلی انتخابات میں 2014 ء میں اسے حاصل ہوئے نشستوں سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ وہ باندرا میں بی جے پی کے ارکان اسمبلی اور پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے مخاطب کررہے تھے۔ دنوے نے کہاکہ ’’کانگریس نے عوام کو بی جے پی کے خلاف باور کرانے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوئی۔ اب وہ عوام میں بی جے پی کے خلاف اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ کانگریس نے مہاراشٹرا میں عوام میں اُلجھن پیدا کرنے کی ایک حکمت عملی اختیار کی ہے‘‘۔