کانگریس سے کوئی اتحاد نہیں کیا جائیگا ‘ سیتا رام یچوری کا اعلان

تھرواننتا پورم 25 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی ایم نے کانگریس کے ساتھ کسی طرح کے اتحاد کا امکان آج مسترد کردیا تاہم کہا کہ پارٹی کے ساتھ پارلیمنٹ میں مسائل پر مبنی تعاون کیا جائیگا تاکہ این ڈی اے حکومت کو حصول اراضی قانون جیسے مسائل پر نشانہ بنایا جاسکے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے یہاں صحافت سے ملاقات پروگرام میں کہا کہ کانگریس کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ وہی پارٹی ہے جس نے انتہائی فراخدلانہ معاشی پالیسیوں کا آغاز کیا تھا ۔ اسی کی پالیسیوں کو بی جے پی حکومت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مسائل پر کانگریس کی مخالفت میں ابھی کوئی پیام نہیں دیکھا جاسکتا تاہم جہاں تک حصول اراضی کا مسئلہ ہے یا نیٹ نیوٹرالیٹی کا مسئلہ ہے کانگریس کا رد عمل مثبت اور حوصلہ افزا رہا ہے ۔