کانگریس سے ماقبل انتخابات معاہدہ طئے نہیں ہوا:لالو

پٹنہ 4 مارچ سیاست ڈاٹ کام)راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد نے آج ان اطلاعات کو مسترد کردیاکہ ان کی پارٹی نے کانگریس کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کا فارمولا طئے کرلیا ہے تاہم کہا کہ وہ ایک نشست تبدیل کرنے یا بہار میں اتحاد کی خاطر ایک اور نشست دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخباری اور برقی خبر رساں چینلس میں آر جے ڈی اور کانگریس کے درمیان انتخابی اتحاد کے معاہدے کی خبریں دیکھی ہیں۔ ایسی خبریں شر پسندانہ اور مفادات پر مبنی ہے بی جے پی کے حامی خبر رساں چینلس نے یہ خبریں نشر کی ہے۔ لالو پرساد نے کہا کہ انہوں نے کانگریس کو 11 اور این سی پی کو ایک نشست کی پیشکش کی ہے لیکن قطعی فیصلہ حلیف پارٹیوں کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔ آر جے ڈی کے سربراہ نے کہا کہ وہ ایک نشست کے تبادلے یا ایک اور نشست کانگریس کو دینے کیلئے تیار ہیں۔ تا کہ معاہدہ کو قطعیت دی جاسکے ۔ کل ہند کانگریس کے انچارج امور بہار سی پی جوشی نے ان سے نشستوں کی تقسیم کے فارمولے پر بات چیت کی ہے۔ لالو پرساد نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ کانگریس اتحاد کیلئے ان کی پارٹی کو کتنی نشستیں دینا چاہتی ہے۔